
بھٹکل 6 جولائی(کراولی نیوز بیورو) شہر میں کورونا کے علاج کے لئے خصوصی طور پر ہیبلے گرام پنچایت حدود میں واقع بھٹکل ویمن سینٹر میں تیاریاں مکمل کرلئے جانے کے بعد آج یہاں 66 مریضوں کو مختلف جگہوں سے منتقل کیا گیا۔
مریضوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے میں تعلقہ انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس سے قبل کورونا متاثرین کو کاروار منتقل کیا جاتا تھا لیکن اب تنظیم کے ذمہ داران نے ضلع انتظامیہ سے بات چیت کے بعد ویمن سینٹر میں منتقل کیا گیا۔
اس موقع پر قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی جانب سے محمد صادق مٹا موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کل سنیچر رات کو سونارکیری اسکول سےتمام 18 لوگوں کو یہاں منتقل کیا گیا تھا، مگر مزید بستر بچھانے کا کام باقی رہنے کی وجہ سے دیگر لوگوں کو شفٹ نہیں کیا گیا تھا۔
تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے یقین دھانی کے باوجود کاروار اسپتال سے آج بستروں کو یہاں لاکر بچھانے کا کام نہیں ہوسکا، مگر چونکہ آج بھی نو لوگوں کی رپورٹ پوزیٹیو آئی تھی اور سرکاری اسپتال میں جگہ کی قلت پائی جارہی تھی، اس بنا پر آج دوپہر کو کورونا سے متاثرہ تمام لوگوں کو نئے کوویڈ سینٹر میں منتقل کیا گیا۔
سات دیگر لوگوں کو جن میں بعض حاملہ خواتین اور عمر رسیدہ لوگ ہیں، انہیں سرکاری اسپتال میں ہی رکھا گیا ہے۔
فی الحال ویمن سینٹر کے گراونڈ فلور پر ہی بستروں کو بچھایا گیا ہے، اور 92 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مزید سو سے زائد لوگوں کے سیمپلوں کی رپورٹ آنی باقی ہے، اگر اگلے دو ایک دنوں میں بھٹکل کے مزید لوگوں کی رپورٹ پوزیٹیو آتی ہے تو پھر یہاں بستر کم پڑسکتے ہیں۔ تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے یہاں آج سو بیڈ لگائے جانے تھے مگر شام ہونے تک بھی کوئی بیڈ نہیں پہنچ سکے تھے۔
عمارت کے کمپاونڈ کے باہر کسی بھی شخص کو نکلنے کی اجازت نہیں ہے اور باہر پولس کا پہرہ بٹھایا گیا ہے