اتر کینرا میں اب صرف دو دن صبح کے اوقات میں رہے گی چھوٹ: 7 جون تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا نافذ
بھٹکل: 23 مئی،2021 (کراولی نیوز بیورو) ضلع میں کورونا معاملات میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے اترکینرا کے ڈپٹی کمشنر مولئی مہیلن نے اپنے خاص اختیارات کو عمل میں لاتے ہوئے ضلع میں کل سے ہفتے میں صرف دو دن ہی صبح کے اوقات میں 6 بجے سے 10 بجے تک کی چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے اب 24 مئی سے 7 جون کی صبح تک ہفتے میں دو دن منگل اور جمعہ کو صبح کے اوقات میں ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے چھوٹ ہوگی جبکہ بقیہ دنوں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ ان دنوں میں عوام کے لئے ضروری اشیاء گھر گھر پہنچ کر فروخت کرنےکی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع نگراں کاروزیر شیورام ہیبار کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئےانہوں نے خصوصی اختیارات کو عمل میں لاتے ہوئے یہ اقدام کیا ہے جس کے مطابق کل سے اترکنڑا ضلع میں صبح 6بجے سے 10بجے تک ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے جو چھوٹ دی گئی تھی اس کو منسوخ کرتےہوئے ہفتے میں صرف منگل اور جمعہ کو ہی ضروری اشیاء خریدنے کے لئے صبح 6بجے سے 10بجے تک کاموقع دیاگیاہے۔
خیال رہے کہ اس دوران میڈیکل اور فوری ضروریات کے سوا سبھی قسم کی سواریوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔