کراولی نیوز بیرو ( 10 مئی 2025 )
کینرا مسلم خلیج کونسل ساحلی علاقہ پر مشتمل کثیر الجماعتی اتحاد کا ایک پلیٹ فارم ہے، جو کوسٹل کرناٹکا ین آر آئی فورم کے نام کے ساتھ رجسٹرڈ ہے، ساحلی علاقوں کی خلیج میں جو مقیم نوائطی برادری ہے، انھوں نے اپنے علاقوں میں دینی تعلیمی سماجی اور رفاہی خدمات کے لئے 2017 میں اس فورم کو قائم کیا ہے، یہ بلا لحاظ مذہب و ملت عام انسانوں کی خدمت کرتی ہے، اس سلسلے میں کوئی مذہبی لسانی بھید بھاؤ نہیں ہے، کینرا مسلم خلیج کونسل کا تخیل منکی جماعت المسلمين دبی کی جانب سے دیا گیا تھا، اور اس کا پہلا اجلاس منکی میں منعقد ہوا تھا،
جس کا ایک فائدہ یہ ہوا کہ اس پلیٹ فارم کی وجہ سے ساحلی علاقوں کے مسلمانوں کے درمیان باہمی تعلقات قائم ہوئے، اور ساحلی علاقوں کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں آپس میں تعاون کا تبادلہ اور جذبہ پیدا ہوا، یہ ساحلی بیلٹ کی 25 جماعتوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے، گنگولی سے لے کر اپپنے تک اس کا ایک وسیع دائرہ کار ہے، کینرا مسلم خلیج کونسل نے اب تک دو اہم امور تعلیم اور معالجہ پر توجہ دی ہے
اس کے علاوہ یہ مسلمانوں میں سیاسی بیداری بھی پیدا کرتی ہے، الیکشن کے موقع پر مسلمانوں کی رہنمائی کرتی ہے، جس کی وجہ سے مسلمانوں کا سیاسی وزن محسوس کیا جاتا ہے، جناب شاہ بلی ارشاد صاحب نے کینرا مسلم خلیج کونسل کے تحت ایک اسکول قائم کیا جو الإتحاد اسکول کے نام سے ولکی میں قائم ہے، جس کی ایک شاندار عمارت ہے، یہاں پر طلبہ و طالبات کے لئے اسکول کا قیام صحرا میں پانی کے تالاب کے وجود کی طرح تھا، بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے کشتیوں سے ندی پار کرنا پڑتا تھا اس کے بعد بسوں کی انتظاری کرکے اس پر سوار ہونا پڑتا تھا، آدھا دن اگر تعلیم کی نذر ہوجاتا تھا تو آدھا دن آنے جانے میں لگ جاتا تھا، طلبہ کے علاوہ والدین کے لئے یہ ذہنی اذیت کا باعث تھا، جناب شاہبلی ارشاد صاحب نے اسکول قائم کرکے صحراء میں کشتی رانی کی مثال ثابت کردی، پھر کینرا مسلم خلیج کونسل نے صحت کے مسئلہ پر توجہ دی، اور ایک موبائل وین تمام سہولیات کے ساتھ اس کے لئے مختص کی گئی جو روزانہ کوسٹل کے مختلف علاقوں میں جاکر مریضوں کی جانچ کرتی ہے، اس وین میں ایک ڈاکٹر ہوتا ہے اور ساتھ میں اس کا عملہ موجود رہتا ہے، جس میں خون کے ٹسٹ کا انتظام موجود ہے، دوائیاں فراہم کی جاتی ہیں اور یہ سارا کام مفت میں ہوتا ہے، موبائل وین 15 مارچ 2024 سے طبی خدمت انجام دے رہی ہے، جو برابر پابندی کے ساتھ اپنے مشن پر لگی ہوئی ہے
جناب سی اے خلیل الرحمٰن صاحب مرحوم کی رہنمائی بھی اس کو حاصل رہی
کینرا مسلم خلیج کونسل کے موجوده صدر معروف شخصیت جناب یونس قاضیا صاحب، نائب صدر ابومحمد مختصر صاحب، جنرل سکریٹری سیف اللہ امین صاحب، سکریٹری مولانا ارشاد افریکہ صاحب ہیں اس کے اولین صدر جناب رکن الدین عبدالقادر بادشاہ صاحب جو دو میعاد تک رہے اور جنرل سکریٹری کے عہدہ پر جناب أبو محمد مختصر صاحب فائز رہے ان دونوں متحرک شخصیات نے اس میں روح پھونکی اور جو آج بھی اپنی آن بان کے ساتھ قائم ہے
کئی اور چہرے اس کی حسن کارکردگی میں شامل ہیں جن کے خلوص اور خیر خواہی کے جذبہ نے اس کو تازگی عطا کی
موبائل وین اپنی تمام سہولیات کے ساتھ یم یم ریسوز کے مالک منیگار میراں صاحب کی جانب سے عطیہ کی ہوئی ہے، اب تک چھ ہزار مریضوں کی جانچ ہو چکی ہے
جو آبادیاں اطراف و اکناف میں ہیں ان کے لئے ڈاکٹروں کے پاس جانے کے لئے کافی دقت ہوتی ہے، گاؤں والوں کے لئے اس میں کافی آسانی ہوتی ہے، اس سے ہر خاص و عام فائدہ اٹھا سکتا ہے کوسٹل علاقہ میں مقامی طور پر جناب کولا عبدالسميع صاحب اور جناب منا ریاض صاحب ذمہ دار ہیں، جو اس کی برابر نگرانی کرتے ہیں
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ تعالی کینرا مسلم خلیج کونسل کی خدمات کو قبول فرمائے
سید محمد زبیر مارکیٹ بھٹکل