
بھٹکل: 17 جنوری ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک لڑکی کی شکایت پر پولیس نے مہران مہتاب نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ لڑکی کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق مذکورہ نوجوان کئی مہینوں سے مختلف انسٹاگرام اکاؤنٹس کے ذریعے اس سے رابطہ کر رہا تھا۔
لڑکی نے بتایا کہ وہ نوجوان خود کو لڑکی ظاہر کر کے اس سے چیٹنگ کرتا رہا اور مختلف جعلی انسٹاگرام آئی ڈیز “pookie_alyan”، “Celeste_saraah” اور “arwan.adventure” کے ذریعے اس سے چیٹنگ کرتا تھا۔ مسلسل چیٹنگ کے دوران اس نے لڑکی کا اعتماد حاصل کیا، جس کے بعد لڑکی نے لاعلمی میں اپنی اور اپنے خاندان کی تصاویر اس کے ساتھ شیئر کر دیں۔
بعد ازاں جب لڑکی کو حقیقت کا علم ہوا تو اس نوجوان نے اس کی تصاویر کو بنیاد بنا کر اسے دھمکی آمیز اور فحش پیغامات بھیجنا شروع کر دیا اور مسلسل ہراساں کرتا رہا۔ اس رویے سے تنگ آ کر لڑکی نے آج بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں باضابطہ شکایت درج کرائی اور معاملے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
شکایت ملتے ہی پولیس حرکت میں آ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے مہران مہتاب کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اسی رات ملزم کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا، جہاں سے مزید تفتیش کے لیے اسے پولیس حراست میں لیا گیا۔
تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کیا گیا ہے، جن کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی اور شخص کو بھی مذکورہ انسٹاگرام آئی ڈیز کے ذریعے کسی قسم کی ہراسانی یا دھوکہ دہی کا سامنا ہوا ہو تو وہ فوراً پولیس سے رابطہ کرے، تاکہ مزید متاثرین کی شکایات کی بنیاد پر مضبوط قانونی کارروائی کی جا سکے۔
رپورٹ کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

