
بھٹکل: تعلقہ کے کائکنی گرام پنچایت کے صدر کی میعادِ کار مکمل ہونے کے موقع پر ایک پُروقار اور پُراثر تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر گرام پنچایت کے صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دینے والے راجو ناگپا نائک کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
گرام پنچایت کے عملے جن میں شری نواس نائک، وشنو نائک، ایشور نائک، کیشو نائک، سُمن نائک اور رینوکا گنپتی شامل تھے ، انہونے صدر راجو نائک کے دورِ صدارت کے دوران ان کے حسنِ اخلاق، بہترین انتظامی صلاحیتوں اور عوام دوست فیصلوں کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ راجو نائک نے ہمیشہ عملے کے ساتھ ایک سربراہ کے بجائے دوست اور بھائی کی طرح برتاؤ کیا اور باہمی احترام اور تعاون کی فضا قائم رکھی۔
صدر راجو نائک نے اپنے دور میں عوامی مسائل کو سنجیدگی سے سنا، فوری حل کی کوشش کی اور گاؤں کی مجموعی ترقی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی قیادت میں گرام پنچایت نے کئی اہم کام انجام دیے، جس کی وجہ سے انہیں عوام میں خاص مقبولیت حاصل ہوئی۔
اس موقع پر تمام عملے اور موجود افراد نے راجو نائک کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ آنے والے دنوں میں انہیں مزید بہتر عہدہ اور مقام حاصل ہو۔ آخر میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ان کی تہنیت و عزت افزائی کی گئی اور پُرخلوص جذبات کے ساتھ انہیں رخصت کیا گیا۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

