
منگلور میں بھٹکل جماعت المسلمین کا نیا میڈیکل سینٹر قائم — 21 کمروں پر مشتمل نرسنگ ہوم، عوام سے استفادہ کی اپیل
کراولی نیوز بیورو
بتاریخ 21 مارچ 2026 کو بھٹکل آزاد نگر، تاج ایلیجنس میں منعقدہ ایک اہم پریس میٹ کے دوران بھٹکل جماعت المسلمین منگلور کی جانب سے باضابطہ طور پر ایک نئے میڈیکل سینٹر (نرسنگ ہوم) کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ یہ جدید سہولیات سے آراستہ نرسنگ ہوم خاص طور پر بھٹکل اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی سہولت اور خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت قائم کیا گیا ہے۔
اس نرسنگ ہوم میں مجموعی طور پر 21 کمرے موجود ہیں، جن میں جنرل وارڈ روم کے ساتھ ساتھ ڈیلکس اور اے سی کمروں کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، تاکہ ہر طبقے کے مریض اپنی ضرورت اور استطاعت کے مطابق بہتر علاج حاصل کر سکیں۔ یہاں مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات بھی دستیاب رہیں گی، جہاں گوناگوں بیماریوں کا بروقت، معیاری اور مؤثر علاج کیا جائے گا۔
پریس میٹ میں مزید وضاحت کی گئی کہ اگر کسی مریض کو بڑے آپریشن یا کسی نازک و پیچیدہ بیماری کے علاج کی ضرورت پیش آئے تو اسے فوری طور پر منگلور کے معروف اسپتالوں جیسے ہائی لینڈ ہاسپٹل یا اے جے ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا، تاکہ مریض کو اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات میسر آسکیں۔
واضح رہے کہ بھٹکل جماعت المسلمین منگلور ایک قدیم، باوقار اور تاریخی جماعت ہے، جو طویل عرصے سے سماجی و طبی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیتی آ رہی ہے۔ خصوصاً بھٹکل اور اطراف سے علاج کی غرض سے منگلور آنے والے غریب اور ضرورت مند مریضوں کی امداد، رہنمائی اور تعاون میں اس جماعت کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے۔ متوسط طبقے کے مریضوں کو بھی مناسب رہنمائی فراہم کرنا اس جماعت کی ایک اہم خدمت رہی ہے۔
اسی تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے اس نئے نرسنگ ہوم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو ایک چھوٹے مگر مکمل ہاسپٹل کی حیثیت رکھتا ہے۔ جماعت کے ذمہ داران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس میڈیکل سینٹر سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اس خدمتِ خلق کے مشن کو کامیاب بنائیں۔
اس نرسنگ ہوم کی عمارت کی ملکیت میں بھٹکل جماعت المسلمین منگلور کے علاوہ جدہ جماعت، ریاض جماعت اور ویلفیئر سوسائٹی بھٹکل بھی شامل ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان تمام حضرات کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور انہیں بہترین اجر سے نوازے۔ آمین۔
پریس میٹ کے موقع پر جن شخصیات کی شرکت رہی ان میں جناب ایس ایم ارشد صاحب، مولانا داود خلیفہ ندوی صاحب، جناب طیب علی اکبرا صاحب، جناب فہد حسین شابندری صاحب، طلحہ صاحب، اشرف سعدا صاحب اور نور الامین دامودی صاحب شامل تھے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

