
کنڈلور دستگیر صاحب کو کرناٹک ساروا بھوم ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا
کنڈاپور:
تعلیمی، سماجی اور مذہبی میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اور کنڈلور گرام پنچایت کے تین مرتبہ صدر رہ چکے معزز شخصیت دستگیر صاحب کنڈلور کو سال 2026 کے لیے “کرناٹک ساروا بھوم ایوارڈ” کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز کرناٹک رکشنا ویدیکے کے نارائن گوڑا گروپ کی جانب سے دیا جاتا ہے، اور اس مرتبہ اڈوپی ضلع سے ان کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔
دستگیر صاحب اپنی سادگی، انسان دوستی اور فیاضی کے لیے مشہور ہیں۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب تاجر ہیں بلکہ ایک ایسے سیاستدان بھی ہیں جنہوں نے کبھی کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا اور عوام میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔ انہیں ایک “آفت کا ساتھی” (آپد باندھو) اور خدمت گزار شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔
اڈوپی ضلع میں کرناٹک رکشنا ویدیکے کے ضلعی صدر پربھاکر پوجاری اور دیگر سینئر اراکین و عہدیداران کی موجودگی میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ سال 2026 کا یہ معزز ایوارڈ کنڈاپور تعلقہ کے کنڈلور گاؤں کے دستگیر صاحب کو دیا جائے۔

اس موقع پر دستگیر صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا عظیم اعزاز ملنے سے ان کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے بچپن میں وہ شیموگہ اور بنگلور کے علاقوں میں کرناٹک رکشنا ویدیکے کا پرچم تھام کر کام کر چکے ہیں، اور اب انہیں دوبارہ کنڑ عوام کی خدمت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ دن رات بغیر کسی وقفے کے عوام اور تنظیم کی خدمت کرتے رہیں گے۔
اس تقریب میں ضلع اور تعلقہ سطح کے کئی اہم عہدیداران اور کارکنان شریک تھے، جن میں پربھاکر پوجاری، پروشوتھم پوجاری، سنتوش شیٹی، راجیش پوجاری، کرشنا موگاویر، راگھو ویندر شیٹی، ناگراج کنچنور اور گوپال کاورادی شامل تھے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

