
بھٹکل: بھٹکل تعلقہ کے مرُدیشور میں کامت یاتری نواس عمارت کی تعمیر کے دوران لگایا گیا عارضی منی لفٹ گرنے سے دو مزدوروں کی موت ہو گئی۔ مرُدیشور ساكین بیکن كیرے کے دیویکان كائکینی کے پربھاکر متییا شیٹی (60) اور کنداپور تعلقہ کے گولیہولے کے بابنّا پوجاری (55) ہلاک ہونے والے بدقسمت افراد ہیں۔
اس حادثے کے بارے میں مرنے والوں کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ واقعے کی وجہ حفاظتی اقدامات کی کمی تھی۔ اس سلسلے میں مرُدیشور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔

پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق کامت یاتری نواس کے مالک وینکٹ داس کامت کی نئی زیر تعمیر عمارت میں منی لفٹ کی مرمت کا کام جاری تھا۔ عمارت کی اوپری منزلوں تک سامان پہنچانے کے لیے استعمال کی جانے والی عارضی لفٹ کا سیفٹی لاک خراب ہو گیا تھا اور اس کی کیبل بھی ٹوٹ گئی تھی۔ مرمت کے دوران دونوں مزدور لفٹ کے اندر موجود تھے، جب لفٹ اچانک نیچے گر گئی۔
تیزی سے نیچے گرنے کے باعث دونوں مزدور شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد مزید علاج کے لیے منی پال کے کستوربا اسپتال منتقل کیا گیا۔ لیکن علاج کے دوران دونوں مزدور دم توڑ توڑ دیے- حادثہ کے بعد علاقے میں شدید صدمے اور غصے کا باعث بنا ہے۔
مرُدیشور پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ متوفی پربھاکر شیٹی کے بیٹے شروَن شیٹی نے مرُدیشور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔
شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ ’’اس حادثے کی وجہ حفاظتی اقدامات کی کمی اور مشینری کی خرابی تھی‘‘۔
اس سلسلے میں کنسٹرکشن منی لفٹ تیار کرنے والی کمپنی اور عمارت کے مالک وینکٹ داس کامت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مرُدیشور تھانے کے پی ایس آئی ہنومنت بیرادار نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
رپورٹ: کراولی نیوز نیٹ ورک
