
بھٹکل: نیشنل ہائی وے پر اچانک سڑک پار کرنے والی گائے سے بڑا حادثہ، چار گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، کوئی جانی نقصان نہیں
بھٹکل شہر کے شیٹی گیراج کے قریب واقع نیشنل ہائی وے پر جمعہ کی شام ایک اچانک پیش آنے والے حادثے میں گائے کے سڑک پار کرنے کے سبب چار گاڑیاں یکے بعد دیگرے آپس میں ٹکرا گئیں اور آخرکار سڑک کنارے موجود ڈھلان میں جا گریں۔ یہ حادثہ شام تقریباً 4 بجے کے قریب پیش آیا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی کی جان نہیں گئی، جس پر مقامی لوگوں نے اطمینان کی سانس لی.
موقع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق، کیرالہ سے مہاراشٹر کی جانب جا رہی ایک کار کے سامنے اچانک ایک گائے آ گئی۔ حادثے سے بچنے کی کوشش میں کار ڈرائیور نے فوراً اسٹیئرنگ موڑا، جس کے نتیجے میں گاڑی کا توازن بگڑ گیا اور سب سے پہلے ایک سامان بردار آٹو رکشہ سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد وہاں کھڑی ایک نئی بولیرو پک اپ گاڑی اور گیراج سے مرمت کے بعد باہر نکل رہی ایک اور پک اپ وین سے بھی زور دار ٹکر ہوئی۔ آخر میں کار سڑک کنارے نصب رفتار کی نشاندہی کرنے والے بورڈ کے کھمبے سے جا ٹکرائی۔
ٹکر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ تمام گاڑیاں سڑک کے نیچے موجود ڈھلان میں پھسل کر جا گریں۔ حیرت انگیز طور پر حادثے کا سبب بننے والی گائے بغیر کسی چوٹ کے وہاں سے محفوظ نکل گئی، جس پر مقامی افراد نے حیرت کا اظہار کیا۔
حادثے میں شامل کار میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا اور ان کے تین بچے سفر کر رہے تھے، جو سب محفوظ رہے۔ تاہم سامان بردار آٹو رکشہ کے ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
حادثے کے بعد کرین کی مدد سے تمام گاڑیوں کو سڑک پر واپس لانے کا کام انجام دیا گیا، جس کے دوران نیشنل ہائی وے پر کچھ وقت کے لیے ٹریفک متاثر رہی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ جائے حادثہ پر جمع ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹکل کے نیشنل ہائی وے پر آوارہ جانوروں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام نے شہر کی بلدیہ اور تعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک حادثات کی روک تھام اور عوامی تحفظ کے لیے آوارہ جانوروں پر فوری کنٹرول کے اقدامات کیے جائیں۔
کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

