
بھٹکل 6جنوری بروز منگل: ماہی گیری کی تیاری کے دوران حادثہ، ایک ماہی گیر سمندر میں ڈوب کر جاں بحق
بھٹکل تعلقہ کے ماوینکوروا بندرگاہ میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ماہی گیری کی تیاری کے دوران پیر پھسلنے سے ایک ماہی گیر سمندر میں گر گیا اور ڈوب کر اس کی موت ہوگئی۔
متوفی کی شناخت کائکنی موڈکیری بستی کے رہائشی شنکر ولد سَنّتمّا نائک (40) کے طور پر ہوئی ہے۔
موصولہ معلومات کے مطابق شنکر نائک رات کے وقت ماہی گیری کے لیے روانہ ہونے کی غرض سے بندرگاہ میں کھڑی اپنی کشتی کے قریب جال تیار کر رہے تھے۔ اسی دوران گھاٹ (ڈیک) سے کشتی پر سوار ہوتے وقت گھاٹ اور کشتی کے درمیان گہرے پانی میں ان کا پیر پھسل گیا اور وہ سمندر میں جا گرے۔ اچانک پیش آئے اس حادثے میں وہ پانی سے باہر نہ آ سکے اور ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے سلسلے میں متوفی کی اہلیہ گریجا زوجہ شنکر نائک نے بھٹکل رورل پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ساحلی پولیس تھانے کے عملے اور 112 ایمرجنسی سروس کے پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور معائنہ کیا۔
پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

