
بھٹکل میں قومی شاہراہ تعمیراتی کام کے سبب ٹریفک نظام میں بڑی تبدیلی، عوام سے متبادل راستے استعمال کرنے کی اپیل
بھٹکل، 16 مئی:
بھٹکل شہر میں جاری قومی شاہراہ (NH-66) کے تعمیراتی کام کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک راستوں میں عارضی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں بھٹکل شہر پولیس تھانے کی جانب سے ایک اہم پریس نوٹ جاری کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر جاری کام کی وجہ سے شہر کے اندر ٹریفک دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستوں کا استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ٹریفک جام اور حادثات سے بچا جا سکے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق شمس الدین سرکل اور بندر روڈ کی جانب سے نیچے مارکیٹ کی طرف جانے والی تمام گاڑیاں اب بندر روڈ، عیدگاہ میدان، سونار کیری کراس اور پولیس تھانے کے سامنے والی سڑک کے ذریعے سفر کرینگے۔
اسی طرح ماریکٹا اور پرانے بس اسٹینڈ کی جانب سے شمس الدین سرکل کی طرف جانے والی گاڑیوں کے لیے بھی نیا راستہ مقرر کیا گیا ہے۔ ان گاڑیوں کو پولیس تھانے کے سامنے والی سڑک، سونار کیری کراس، عیدگاہ میدان اور بندر روڈ کے ذریعے گزرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں جالی، جالی کوڈی اور جالی بیچ کی طرف جانے والی گاڑیوں کے لیے بندر روڈ سیکنڈ کراس روڈ کو متبادل راستہ بنایا گیا ہے۔
پولیس انتظامیہ نے عوام سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی شاہراہ کا تعمیراتی کام مکمل ہونے تک ہنگامی اور ناگزیر حالات کے علاوہ نیشنل ہائی وے 66 کے استعمال سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر طریقے سے برقرار رکھا جا سکے۔
بھٹکل شہر پولیس تھانے کے پولیس انسپکٹر دیواکر پی یم نے شہریوں، گاڑی سواروں اور عوام الناس سے مکمل تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا تعاون ہی ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے-
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

