
بھٹکل: گھر میں چوری کا معمہ حل، ایک ملزم گرفتار، ساڑھے چار لاکھ روپے کے زیورات برآمد
بھٹکل: شہر کے قدوائی روڈ پر پیش آئے گھر میں چوری کے معاملے کو بھٹکل ٹاؤن پولیس نے کامیابی سے حل کرتے ہوئے تقریباً 4.50 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور 20 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، 8 مئی کو قدوائی روڈ فرسٹ کراس کے رہائشی ناہد اختر کے گھر میں چوری کی واردات پیش آئی تھی۔ نامعلوم چوروں نے گھر کے پچھلے حصے کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہو کر 55 گرام وزنی تقریباً 5.50 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور 10 ہزار روپے نقد چرا لیے تھے۔ اس سلسلے میں بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے بھٹکل کے بدریہ کالونی کے رہائشی 21 سالہ فوزان احمد کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے چرائے گئے زیورات بنگلور کے کے آر روڈ پر واقع مناپورم فنانس کی ایک شاخ میں گروی رکھا ہوا تھا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 29.01 گرام وزنی تقریباً 4.50 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور 20 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ کارروائی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این، ایڈیشنل ایس پی ایم کرشن مورتی اور جگدیش ایم، ڈی وائی ایس پی گیریش بی کی رہنمائی میں، سی پی آئی دیواکر پی ایم کی قیادت اور پی ایس آئی نوین ایس نائک کے ساتھ پولیس اہلکار دنیش نائک، ستیش بھٹ، روی پٹگار، مہانتیش ہیرے مٹھ، کاشی ناتھ کوٹگونشی اور دیگر عملے نے انجام دی۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

