
بھٹکل میں ہولناک سانحہ: دریا میں کَپّے چِپّو( ملوی ) نکالنے گئے 8 افراد ڈوب کر جاں بحق، 3 لاپتہ
بھٹکل، 24 مئی: کرناٹک کے ضلع اُتر کنڑا کے بھٹکل تعلقہ کے تٹی ہکلا کے قریب واقع وینکٹاپور دریا میں اتوار کے روز ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ کَپّے چِپّو (ملوی) نکالنے کے لیے دریا میں اترے افراد میں سے آٹھ افراد پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق تمام متوفیان شیرالی کے شاردھا ہولے علاقے کے رہنے والے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کل 14 افراد ایک ساتھ دریا گئے تھے، اسی دوران اچانک پانی کا بہاؤ تیز ہونے سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
حادثے میں تین افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے، جبکہ مزید تین افراد کو مقامی لوگوں نے بروقت بچا کر بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل کرایا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل رورل پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ دریا کے کنارے غم اور خوف کی فضا قائم ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کے رونے کی آوازوں سے ماحول سوگوار ہوگیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھٹکل کی تاریخ میں یہ ایک سیاہ دن ہے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد محنت کش تھے جو روزی روٹی کے لیے کَپّے چِپّو جمع کرنے دریا گئے تھے، مگر قسمت نے انہیں یہ المناک انجام دیا۔
لاپتہ افراد کی تلاش میں شدت لائی گئی ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

