
*کنسٹرکشن منہدم معاملہ: نو افراد سرسی عدالت میں پیش، مزید دو گرفتار*
بھٹکل : 25 مئی بروز پیر
بھٹکل میں بتاریخ 24 مئی سن 2026 کو پیش آئے تنازع اور کنسٹرکشن منہدم کیے جانے کے معاملے میں پولیس کی کارروائی مسلسل جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اب تک مجموعی طور پر نو افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید دو افراد کو اج شام حراست میں لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھٹکل کی مقامی عدالت میں اس وقت جج حضرات کی عدم موجودگی کے باعث گرفتار شدہ افراد کو سرسی عدالت منتقل کیا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بھٹکل عدالت کے دو جج صاحبان کا تبادلہ ہو چکا ہے، جبکہ ایک جج رخصت پر ہیں، جس کے سبب عدالتی کارروائی کے لیے ملزمین کو سرسی لے جایا جا رہا ہے۔
آج دوپہر تقریباً دو بجے پولیس وین کے ذریعے گرفتار شدگان کو بھٹکل سے سرسی روانہ کیا گیا، جہاں مغرب تک انہیں جج کے روبرو پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس پورے تنازع کے تعلق سے چار مختلف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، اور انہی مقدمات کی بنیاد پر مطلوبہ افراد کی تلاش اور گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ علاقے کی صورتحال پر پولیس کی جانب سے مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

