
اتر کنڑا ضلع پولیس کی جانب سے پریس ریلیز 28 مئی 2026
بھٹکل مرین کٹہ تنازعہ: 5 مقدمات درج، 40 افراد کے خلاف کارروائی
اتر کنڑا ضلع کے بھٹکل سٹی پولیس اسٹیشن حدود میں قومی شاہراہ 66 کی توسیعی کارروائی کے دوران پیش آئے مرین کٹہ تنازعہ کے سلسلے میں پولیس نے اب تک مجموعی طور پر 5 مجرمانہ مقدمات درج کیے ہیں، جبکہ 40 افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق قومی شاہراہ 66 کو چوڑا کرنے کے منصوبے کے تحت شاہراہ سے متصل سرکاری زمین پر موجود مرین کٹہ اسٹرکچر کو دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا۔اسکے لئے اسٹرکچر بھی تیار ہو چکا تھا اسی دوران اس واقعہ کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلانے اور ماحول کو کشیدہ کرنے کے الزام میں احمد متعب پشمام نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جسے بعد ازاں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔
شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے بھٹکل میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 4 سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 10 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 20 پولیس انسپکٹر، 37 سب انسپکٹر، 31 اسسٹنٹ سب انسپکٹر، 294 پولیس افسران و اہلکار، 10 ڈی اے آر اسکواڈ، اور 7 کے ایس آر پی و اسپیشل ایکشن فورس کے 50 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
اترکنڑا ضلع پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹی افواہوں اور اشتعال انگیز خبروں پر توجہ نہ دیں۔ پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، اور اگر کوئی شخص امن و امان کو متاثر کرنے والے اشتعال انگیز یا گمراہ کن پیغامات سوشل میڈیا یا کسی اور ذریعے سے پھیلانے کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

