
بھٹکل: لاپتہ شخص کا معمہ حل، پولیس نے ذاکر بیگ کو بحفاظت تلاش کر لیا
اتر کنڑا ضلع کے بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک لاپتہ شخص کے معاملے نے کچھ دیر کے لیے تشویش کی لہر دوڑا دی، تاہم پولیس کی بروقت اور منظم کارروائی کے نتیجے میں اس معاملے کو کامیابی کے ساتھ حل کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 18 اکتوبر 2025 کو صبح کے وقت غفور بیگ ولد بڑھن بیگ (عمر: 41 سال)، ساکن چترگ، کمٹہ نے Bhatkal Town Police Station میں شکایت درج کروائی۔ شکایت میں بتایا گیا کہ ان کا بھائی ذاکر بیگ (عمر: 32 سال)، جو پیشے کے اعتبار سے بیرونِ ملک ملازمت کرتا ہے، میری اہلیہ شاہینہ اور بیٹی مہک کے ہمراہ کمٹہ سے بھٹکل آیا تھا۔ ان کا مقصد اپنی شادی کے لیے سونا خریدنا تھا۔
شکایت کے مطابق ذاکر بیگ بھٹکل پہنچ کر میرے سسر حسن شببر کے گھر ٹھہرا تھا ۔ جمعہ کے دن انہوں نے یہ کہہ کر گھر سے روانگی اختیار کی کہ وہ نور مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کر کے واپس آجاؤنگا، مگر وہ نماز کے بعد بھی گھر واپس نہیں لوٹا ۔ طویل انتظار اور تلاش کے باوجود جب ان کا کوئی سراغ نہ ملا تو اہلِ خانہ نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔
معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوراً لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی۔ اس کیس کی نگرانی Uttara Kannada District Police کے سپرنٹنڈنٹ دیپن یم ین کی زیرِ نگرانی کی گئی، جبکہ اعلیٰ پولیس افسران کی رہنمائی میں بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر دیواکر پی ایم، پی ایس آئی نوین نائک اور ان کی ٹیم نے ٹیکنیکل ٹیم کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر تلاشی کارروائی انجام دی۔
مسلسل چھان بین، تکنیکی شواہد اور زمینی سطح پر کی گئی کوششوں کے نتیجے میں پولیس کو بالآخر بڑی کامیابی حاصل ہوئی اور لاپتہ ذاکر بیگ کو بحفاظت تلاش کر لیا گیا۔ ذاکر بیگ کے ملنے کی خبر سے اہلِ خانہ نے سکھ کا سانس لیا اور پولیس کی بروقت کارروائی پر اطمینان اور تشکر کا اظہار کیا۔
پولیس حکام کے مطابق اس معاملے میں تمام ضروری قانونی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی گئی۔ پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، جس سے ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیت اجاگر ہوئی ہے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

