
بھٹکل میں ریاستی سطح کا صحافیوں کا سمینار و ایوارڈ تقریب، صحافتی اقدار پر زور
بھٹکل: ریاستی سطح کا صحافیوں کا سمینار اور ایوارڈ تقریب منعقد
بھٹکل میں کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس یونین (کانیپ دھونی) کی بھٹکل یونٹ کی جانب سے ایک شاندار ریاستی سطح کی صحافیوں کا سمینار اور ریاستی ایوارڈز تقسیم تقریب منعقد کی گئی۔ یہ پروگرام ریاستی صدر ملیکارجن بنگلے کی قیادت اور تعلقہ صدر شنکر نائک کی صدارت میں منعقد ہوا۔
تقریب کا افتتاح بنگارا مکی سنستھان کے شری ماروتی گروجی نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو کسی کے دباؤ میں آئے بغیر سماج کے مفاد میں صحافتی اقدار کی پاسداری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کی خامیوں اور برائیوں کی نشاندہی کرکے انہیں درست کرنے کا اہم فریضہ صحافیوں پر عائد ہوتی ہے۔

یہ پروگرام ناگیاکشی دھرمارتھ سبھا بھون میں منعقد ہوا، جہاں سوامی جی نے سماج اور صحافیوں دونوں کو بیدار رہنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ایمانداری اور دیانت داری سے کام کرنا ہوگا، کیونکہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے، اور ریاست و ملک کے حالات پر سچی اور بے باگ رپورٹنگ کرنا ہی ایک حقیقی صحافی کی پہچان ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو صحافی سماج کی شکایات اور مسائل کو اجاگر کرتے ہیں، آج وہی صحافی اپنی بنیادی سہولتوں اور مسائل کے لیے حکومت سے فریاد کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز خبر کی دوڑ میں کئی صحافی اپنی جان تک قربان کرچکے ہیں، لیکن ان کے اہلِ خانہ کے لیے حکومت کی جانب سے خاطر خواہ مدد نہ ملنا ایک بڑا المیہ ہے۔
اس موقع پر سماجی خدمتگار گووند پجاری نے کہا کہ آخری صف کے انسان کو انصاف دلانے میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے، اور ان کے ٹرسٹ کی جانب سے صحافیوں کے اہلِ خانہ کی مدد کے لیے ہمیشہ تعاون کیا جائے گا۔

سینئر صحافی گنگادھر مود لیار نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں صحافیوں کو خوف کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، لیکن میڈیا کو زندہ اور مضبوط رکھنا خود صحافیوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت تیزی سے بدل رہی ہے، اس لیے وقت کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کو اپنانا ضروری ہے۔ ایسے سمینار اور ایوارڈ پروگرام نئی نسل کے صحافیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتے ہیں۔
کانیپ دھونی کے ریاستی صدر بنگلے ملیکارجن نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ صرف تین سالوں میں تنظیم 21 اضلاع تک پھیل چکی ہے، اور صحافیوں کے ماہانہ اعزازیہ سمیت مختلف مطالبات کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کرناٹک جرنلسٹس یونین کے صدر اور جنرل سیکریٹری کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو ہماری تنظیم کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
تقریب میں سابق وزیر شیوانند نائک نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ سماجی اصلاح کے لیے رپورٹنگ کرنے والے صحافی آج خود اپنی اصلاح اور حقوق کے لیے حکومت کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور ہیں۔
تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ بھٹکل جیسے چھوٹے شہر میں ریاستی سطح کا صحافیوں کا اجتماع منعقد کرنا قابلِ ستائش ہے، اور مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کے لیے ہماری برادری بھرپور تعاون کرے گی۔

اس موقع پر سماج میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سماجی کارکنان اور ریاست بھر کے صحافیوں کو ریاستی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بھٹکل میں ایس ایس ایل سی امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی اعزازات دیے گئے۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے 700 سے زائد صحافیوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
تقریب میں بھٹکل یونٹ کے جنرل سیکریٹری اُلّاس شان بھاگ، خزانچی نسیم الغنی شاہ بندری ، جاوید سنگیری سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
رپورٹ کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

