
بھٹکل میں تقریباً ایک سال سے خالی پڑی اسسٹنٹ کمشنر کی اہم انتظامی پوسٹ آخرکار بھر دی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے مقرر کیے گئے نئے افسر جے۔ مہیش نے ہفتہ کے روز باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ان کی تقرری سے بھٹکل اور اطراف کے تعلقوں میں انتظامی سرگرمیوں کو مزید تیزی ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال سابق اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نین این کے تبادلے کے بعد یہ عہدہ خالی ہو گیا تھا۔ اس دوران شیرسی کی سب ڈویژنل افسر کماری کاویارانی کو بھٹکل کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ تاہم حالیہ تبادلے کے بعد وہ بھی یہاں سے منتقل ہو گئیں، جس کے نتیجے میں یہ عہدہ دوبارہ خالی ہو گیا تھا۔
بعد ازاں ہوناور کے تحصیلدار پروین کرنڈے کو عبوری طور پر اسسٹنٹ کمشنر کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور وہ اس عہدے کی نگرانی کر رہے تھے۔
ریاستی حکومت کے حالیہ تبادلہ احکامات کے تحت بھٹکل پہنچنے والے جے۔ مہیش نے دفتر میں فائلوں پر دستخط کر کے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالا۔ جے۔ مہیش اس سے قبل اڈپی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کمشنر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں انتظامی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
مقامی عوام اور سرکاری حلقوں کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ مستقل اسسٹنٹ کمشنر کی تقرری کے بعد بھٹکل سمیت اطراف کے علاقوں میں زمین، محصولات، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر سرکاری امور سے متعلق کاموں میں مزید تیزی اور بہتری آئے گی۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

