
بھٹکل میں مانسون سے پہلے احتیاطی اقدامات: وزیر منکال وئیدیا نے قومی شاہراہ کے کاموں کا معائنہ کیا
بھٹکل: مانسون کی آمد کے پیشِ نظر قومی شاہراہ کی چار لائن سڑک (فور لین) تعمیراتی کاموں کی وجہ سے پانی جمع ہونے اور عارضی سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہونے کے خدشات کے درمیان ریاستی وزیر منکال وئیدیا نے جمعرات کے روز بھٹکل کے مختلف تعمیراتی مقامات کا دورہ کرکے جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران ضلع کلکٹر لکشمی پریا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شیوکمار، اسسٹنٹ کمشنر جے مہیش، ڈی وائی ایس پی گریش سمیت متعدد اعلیٰ افسران موجود تھے۔

وزیر منکال وئیدیا نے بستی پل اور انڈر پاس کے تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ انہوں نے وینکٹاپور پل کو عوامی استعمال کے لیے فوری طور پر کھولنے اور بھٹکل سرکل میں جاری سڑک تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کی تاکید کی۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مانسون کے دوران قومی شاہراہ پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوسکتا ہے، اس لیے جن علاقوں میں عارضی سیلاب کا خطرہ ہے وہاں جے سی بی مشینوں کے ذریعے نکاسیٔ آب کے لیے عارضی نالیاں تعمیر کی جائیں تاکہ بارش کا پانی قریبی ندی، نالوں اور قدرتی آبی راستوں کی طرف بہایا جا سکے۔
اس موقع پر تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، تنظیم جنرل سیکرٹری عبدالرقیب یم جے، مولوی عزیز الرحمن ندوی،تعلقہ شہری حقوق تحفظ کمیٹی کے صدر ستیش کمار سمیت کئی سماجی شخصیات اور مقامی عوام بھی موجود تھے۔

مقامی شہریوں نے امید ظاہر کی کہ مانسون شروع ہونے سے قبل اگر یہ اقدامات مکمل کر لیے گئے تو بھٹکل میں ہر سال پیش آنے والے پانی جمع ہونے اور ٹریفک جام جیسے مسائل میں بڑی حد تک کمی آئے گی۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

