
بھٹکل: نجی تصاویر کے ذریعے ہراسانی کا معاملہ، ملزم بنگلورو سے گرفتار
بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک خاتون کو نجی تصاویر کے ذریعے ہراساں کرنے اور ذہنی اذیت دینے کے سنگین معاملے میں پولیس نے تیز کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو بنگلورو سے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 22 جنوری 2026 کو اترا کنڑا ضلع کے بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ایک خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی۔ شکایت میں بتایا گیا کہ ملزم کی مذکورہ خاتون سے تقریباً ایک سال قبل ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد اس نے موبائل نمبر حاصل کر کے رابطہ بڑھایا اور بعد میں نجی تصاویر حاصل کرلیں۔
الزام ہے کہ بعد ازاں ملزم نے خاتون کو بار بار فون کر کے دھمکیاں دینا شروع کردیں کہ اگر اس سے بات نہ کی گئی تو وہ نجی تصاویر سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر عام کردے گا۔ ملزم نے نہ صرف خاتون کو مسلسل ہراساں کیا بلکہ اس کی قریبی سہیلی سے بھی رابطہ کرکے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، جس کے سبب متاثرہ خاتون شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوگئیں۔
پولیس نے اس معاملے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی مختلف دفعات اور تعزیراتِ ہند 2023 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، جن میں فون پر بدسلوکی، ہراسانی اور نجی معلومات کے غلط استعمال سے متعلق دفعات شامل ہیں۔
شکایت درج ہوتے ہی بھٹکل پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے بنگلورو میں کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے جرم میں استعمال ہونے والے دو موبائل فون اور پین ڈرائیوز ضبط کرلیں، جنہیں فرانزک سائنس لیبارٹری (FSL) جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ماہرین کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے متعدد خواتین سے رابطے رہے ہیں، جس کے باعث معاملے کی سنگینی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ اترا کنڑا ضلع کی نگرانی میں، اعلیٰ پولیس افسران کی رہنمائی اور بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر دیواکر پی یم اور پی یس ائی نوین نائیک کی ٹیم کی مشترکہ کوششوں سے انجام دی گئی۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سائبر جرائم اور خواتین کے خلاف جرائم پر سختی سے کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

