نیشنل ہائی وے 66 پر پارکنگ کو لے کر آٹو اور ٹیکسی یونین آمنے سامنے

نیشنل ہائی وے 66 پر جاری سڑک کی توسیعی اور مرمتی کاموں کے دوران پارکنگ کے مسئلے نے اچانک ایک سنگین تنازع کی شکل اختیار کر لی۔ آٹو رکشہ یونین کے صدر وینکٹیش نائک اور ٹیکسی ڈرائیورز یونین کے صدر گنیش دیوڈیگا کے درمیان پارکنگ کے مقام اور گاڑیوں کی ترتیب کو لے کر کافی دیر تک تلخ کلامی اور بحث و تکرار کا ماحول بنا رہا، جس کے باعث موقع پر کشیدگی محسوس کی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق نیشنل ہائی وے 66 پر جاری روڈ ورک کی وجہ سے سڑک کے کنارے گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے جگہ محدود ہو گئی ہے۔ اسی دوران آٹو رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے درمیان پارکنگ کے حق اور جگہ کی تقسیم کو لے کر اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ دونوں یونینوں کے کارکنان بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ بنتی چلی گئی۔

معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس فوراً حرکت میں آئی اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ تحصیلدار ناگیندر کولاشیٹی، ڈی وائی ایس پی گریش اور ٹاؤن انسپکٹر دیواکر نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور دونوں فریقین کے نمائندوں سے  بات چیت کی۔

کافی دیر تک پارکنگ کے مسئلے پر بحث جاری رہی اور دونوں جانب سے اپنے اپنے مؤقف پر زور دیا جاتا رہا۔ تاہم انتظامیہ اور پولیس افسران نے تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں یونینوں کو سمجھایا اور آپسی تعاون کے ساتھ مسئلے کا حل نکالنے کی اپیل کی۔

طویل گفت و شنید کے بعد آخرکار دونوں فریقین انتظامیہ کی تجویز پر راضی ہو گئے، جس کے بعد تنازع وقتی طور پر ختم ہو گیا اور ماحول پرامن ہو گیا۔ تحصیلدار ناگیندر کولاشیٹی اور پولیس حکام نے واضح کیا کہ روڈ ورک مکمل ہونے تک پارکنگ کے حوالے سے ایک منظم نظام نافذ کیا جائے گا تاکہ عوام اور ڈرائیور حضرات کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

مقامی لوگوں نے انتظامیہ کی بروقت مداخلت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر وقت پر افسران موقع پر نہ پہنچتے تو معاملہ مزید بگڑ سکتا تھا۔

رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *


Next Post

بھٹکل پولیس کا نیا ٹریفک روٹ پلان نافذ، شہریوں کے لیے اہم ہدایت

بھٹکل میں قومی شاہراہ تعمیراتی کام کے سبب ٹریفک نظام میں بڑی تبدیلی، عوام سے متبادل راستے استعمال کرنے کی اپیل بھٹکل، 16 مئی: بھٹکل شہر میں جاری قومی شاہراہ (NH-66) کے تعمیراتی کام کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سہولت […]

You May Like