جاپان کے جنوب مغربی جزیرے ‘کیوشو’ میں گزشتہ تین روز سے جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب سے اب تک 50 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور درجنوں لاپتا ہیں۔
جمعے سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ اب تک تھم نہیں سکا ہے اور حکام نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
‘کیوشو’ میں طوفانی بارشوں کے بعد حکام نے 30 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
کیوشو کے ‘کوماموتو’ نامی علاقے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے جہاں 50 میں سے 49 اموات اسی علاقے میں ہوئی ہیں۔
کوماموتو کے درجنوں رہائشی اپنا گھر بار چھوڑ کر کھلے میدانوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ بجلی کی ترسیل اور مواصلاتی ذرائع بھی بند ہیں۔
کوماموتو میں بزرگ شہریوں کے لیے قائم ایک نرسنگ ہوم میں سیلاب سے 14 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ نرسنگ ہوم کے قریب ہی واقع دریا سے سیلابی ریلے کی صورت میں برساتی پانی عمارت میں داخل ہوا جس کے باعث کچھ معذور افراد کو وہاں سے نہیں نکالا جا سکا۔
