رمضان بازار: بھٹکل پولیس نے ٹریفک کے نئے روٹس اور ہدایات جاری کر دیں

بھٹکل میں رمضان بازار کے پیش نظر خصوصی ٹریفک پلان نافذ
ڈی وائی ایس پی گریش کی میڈیا کو بریفنگ، عوام سے تعاون کی اپیل
بھٹکل (ضلع اترا کنڑ) میں رمضان المبارک کے دوران لگنے والے رمضان بازار کے پیش نظر ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے بھٹکل سٹی پولیس کی جانب سے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ڈی وائی ایس پی) جناب گریش نے میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے نئے ٹریفک انتظامات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر سرکل انسپکٹر دیواکر پی ایم اور پی ایس آئی نوین نائک بھی موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران مسلم کمیونٹی کے معزز افراد، رکشہ یونین کے صدر اور کمیٹی ممبران کے ساتھ ساتھ میڈیا کے نمائندے بھی موجود رہے۔
ڈی وائی ایس پی گریش کے مطابق رمضان بازار کے دوران بڑھتی ہوئی بھیڑ اور ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے اولڈ بس اسٹینڈ سے ناگابانہ، کالی ہنومنت مندر روڈ اور وی وی روڈ کے ذریعے ٹریفک کی آمد و رفت جاری رہے گی۔ تاہم سلطان اسٹریٹ کے مصباح کراس سے رمضان مارکیٹ کی طرف جانے والی سڑک کو گاڑیوں کے لیے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔
اسی طرح ماری کٹہ سے چوتنی چوک تک سڑک کو یک طرفہ ٹریفک قرار دیا گیا ہے جبکہ ماری کٹہ سے ناگابانہ کی طرف گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ مزید برآں اولڈ بس اسٹینڈ سے ناگابانہ روڈ تک سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی پارکنگ بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
پارکنگ کے خصوصی انتظامات
پولیس کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے مخصوص پارکنگ مقامات بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ انجمن انگلش میڈیم ہائی اسکول گراؤنڈ (میونسپلٹی کے پیچھے) میں شام چار بجے سے رات تین بجے تک گاڑیوں کی پارکنگ کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح آٹورکشہ ڈرائیورز ایسوسی ایشن آٹو رکشا کو پبلک چبوترہ کے علاقے میں بھی شام 4 بجے سے رات 3 بجے تک پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
دکانداروں اور رہائشیوں کے لیے خصوصی ہدایات
پولیس کے مطابق ناگابانہ سے ماری کٹہ آنے والے موٹر سائیکل سواروں کو خصوصی پاس جاری کیے جاینگے ۔ پاس ہولڈرز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ رات 8 بجے تک اپنے گھروں تک پہنچنے کے لیے دو پہیہ گاڑیوں کا استعمال کریں جبکہ چار پہیہ اور بڑی گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں۔
ناگابانہ سے ماری کٹہ تک سڑک پر موجود دکانداروں کو بھی پاس جاری کیے جائیں گے اور ہر دکان کے لیے صرف ایک دو پہیہ گاڑی کی اجازت ہوگی۔ دکانداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صبح 6 بجے سے صبح 10 بجے کے درمیان اپنی دکانوں کے لیے ضروری سامان جمع کریں۔
پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ رمضان بازار کے دوران ٹریفک نظام کو بہتر اور منظم رکھنے کے لیے ان ہدایات پر عمل کریں اور پولیس انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *


Next Post

موڈبیدری پولیس انسپکٹر سندیش کے خلاف خاتون کی جانب سے سنگین جنسی ہراسانی کے الزامات، اعلیٰ حکام کو شکایت

موڈبیدری پولیس انسپکٹر سندیش کے خلاف خاتون کی جانب سے سنگین جنسی ہراسانی کے الزامات، اعلیٰ حکام کو شکایت منگلورو: کرناٹک کے ضلع دکشن کنڑا کے علاقے موڈبیدری میں تعینات ایک پولیس انسپکٹر کے خلاف ایک خاتون نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جس کے بعد یہ معاملہ پولیس محکمے […]

You May Like