
بھٹکل (اترا کنڑا): منگل کے روز بھٹکل تحصیلدار دفتر کے عملے میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب دفتر کو بم دھماکے کی دھمکی پر مبنی ایک ای میل موصول ہوئی۔ یہ دھمکی آمیز ای میل صبح تقریباً 7:25 بجے ایک ای میل آئی ڈی گائنا رمیش کے نام سے بھیجی گئی تھی۔
ای میل کا موضوع کنڑ زبان میں لکھا گیا تھا، جس میں تحصیلدار دفتر میں فوری بم دھماکے کی وارننگ دی گئی تھی اور عمارت میں موجود تمام افراد کو فوراً باہر نکالنے

کی ہدایت کی گئی تھی۔
بھٹکل کے تحصیلدار ناگیندر کولاشیٹی نے بتایا کہ انہوں نے صبح تقریباً 7:45 بجے اپنی ای میل چیک کرتے وقت اس دھمکی کو دیکھا، جس کے فوراً بعد بھٹکل پولیس انسپکٹر کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ متحرک ہو گئی اور کاروار سے بم ناکارہ بنانے والا دستہ فوری طور پر بھٹکل پہنچا۔
چونکہ تحصیلدار دفتر بھٹکل تعلقہ انتظامی عمارت، جسے عام طور پر منی ودھان سودھا کہا جاتا ہے، کی دوسری منزل پر واقع ہے، اس لیے نہ صرف تحصیلدار دفتر بلکہ پوری عمارت کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ تاہم کسی بھی قسم کی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی اور بعد میں ای میل کو فرضی اور شرانگیز قرار دیا گیا۔
تحصیلدار کے مطابق ای میل میں لکھا گیا تھا:
“تملوں اور پاکستانیوں کا انتقام — تحصیلدار دفتر میں جلد ایک بڑا بم دھماکہ ہوگا۔ تمام لوگوں کو فوراً باہر نکالا جائے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ای میل میں نہ صرف بم دھماکے کی دھمکی تھی بلکہ تمل ناڈو کی ڈی ایم کے حکومت کے خلاف اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض مواد بھی شامل تھا۔ ای میل میں 2001 میں میڈیا پر دباؤ ڈالنے کے الزامات، گلیلیو ایپ کے ذریعے کنڑ عوام کی مبینہ نگرانی، اور یتیم خانوں میں بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے سنگین
مگر بے بنیاد دعوے بھی کیے گئے تھے۔
قابلِ ذکر ہے کہ چند ماہ قبل بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کو بھی اسی نوعیت کی بم دھمکی موصول ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے تمل ناڈو سے دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔
بھٹکل پولیس انسپکٹر دیواکر پی یم نے بتایا کہ اس معاملے میں بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفصیلی تفتیش جاری ہے۔
ادھر یہ بھی اطلاع ہے کہ پیر کے روز منگلورو آر ٹی او دفتر اور گدگ ڈپٹی کمشنر دفتر کو بھی اسی طرح کی فرضی بم دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ بیدر اور کولار میں بھی دو سے تین دن قبل ایسی ای میلز موصول ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ منگل کے روز ہاسن اور کرناٹک کے دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی ای میلز موصول ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل


