
بھٹکل میں امن و امان کا اعلیٰ سطحی جائزہ؛ ایڈیشنل ڈی جی پی آر ہتیندر کا دورۂ بھٹکل
(کراولی نیوز نیٹ ورک بیرو)
بھٹکل کی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ریاست کرناٹک کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر) آر ہتیندر نے گزشتہ روز بھٹکل کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع اترکنڑا میں امن و قانون کی موجودہ صورتحال، عوامی تحفظ اور پولیس انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران بھٹکل میں محکمہ پولیس کے سینئر اور ماتحت افسران کی ایک خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع کے مختلف علاقوں کی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع اترکنڑا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ، ویسٹرن رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس اور دیگر اعلیٰ افسران شریک رہے۔
ایڈیشنل ڈی جی پی آر ہتیندر نے افسران کو واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فرد کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اور مؤثر اقدامات مسلسل جاری رکھے جائیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں، گمراہ کن معلومات اور افواہوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دورۂ بھٹکل کے موقع پر بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں پولیس جوانوں نے ایڈیشنل ڈی جی پی کو روایتی سلامی پیش کی، جس کے بعد انہوں نے پولیس انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔
واضح رہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد ریاستی سطح کے کسی اعلیٰ پولیس افسر نے بھٹکل کا دورہ کرکے حالات کا براہِ راست جائزہ لیا ہے۔ مقامی حلقوں میں اس دورے کو امن و امان کے استحکام اور عوامی اعتماد کے فروغ کی جانب ایک اہم اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

