کنڈاپور کے قریب این ایچ-66 پر ہولناک حادثہ، بھٹکل کے نوجوان سمیت دو افراد جاں بحق

کنڈاپور کے قریب این ایچ-66 پر ہولناک سڑک حادثہ، بھٹکل کے نوجوان سمیت دو افراد جاں بحق

کنڈاپور، 7 جولائی: ضلع اُڈپی کے کنڈاپور تعلقہ میں تراسی بیچ کے قریب آرم مندر کے سامنے قومی شاہراہ این ایچ-66 پر پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں بھٹکل کے ایک نوجوان سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت بھٹکل تعلقہ کے سننا باوی کے رہائشی دیپک ناگپا نائک (23) اور ہڈوو کے رہائشی پیٹرک واز (63) کے طور پر ہوئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دیپک ناگپا نائک اپنی موٹر سائیکل پر بیندور سے کنڈاپور کی جانب جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والے ایک اسکوٹر سے ان کی شدید ٹکر ہوگئی۔ تصادم اس قدر خوفناک تھا کہ دونوں سوار سڑک پر گر کر شدید زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد دیپک ناگپا نائک کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے ہی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ دوسری جانب شدید زخمی پیٹرک واز کو منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کا بھی انتقال ہوگیا۔

حادثے میں پیٹرک واز کی بیٹی بھی زخمی ہوئی ہیں، جنہیں کنڈاپور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واقعے کے فوراً بعد گنگولی ایمبولینس کے ڈرائیور ابراہیم گنگولی نے زخمیوں کو بروقت اسپتال پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

گنگولی پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *


You May Like