
بھٹکل میں وہیلنگ کی ویڈیوز انسٹاگرام پر اپ لوڈ کرنے والے اکاؤنٹ ہولڈر کے خلاف ایف آئی آر درج
بھٹکل: عوامی سڑکوں پر خطرناک انداز میں موٹر سائیکل کی وہیلنگ کر کے اس کی ویڈیوز انسٹاگرام پر اپ لوڈ کرنے اور نوجوانوں کو ایسے خطرناک اسٹنٹس کی ترغیب دینے کے الزام میں ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ ہولڈر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں یہ مقدمہ پولیس کانسٹیبل سچن یشونت راؤ پوار کی شکایت پر درج کیا گیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ “akkihotpiston” نامی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے سال 2024 سے مختلف مواقع پر بھٹکل کی عوامی سڑکوں پر موٹر سائیکل کی خطرناک وہیلنگ کرتے ہوئے ویڈیوز ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئیں۔
پولیس کے مطابق، ایسی ویڈیوز نہ صرف عوام کی جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں بلکہ نوجوانوں کو بھی اسی طرح کے خطرناک اور غیر قانونی کرتب کرنے کی ترغیب دیتی ہیں، جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
اس معاملے کی تحقیقات افسر روی گنجیکر کر رہے ہیں۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ عوامی سڑکوں پر وہیلنگ کرنا اور خطرناک انداز میں گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے، اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں، خصوصاً نوجوانوں، سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کے لیے اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے والے ایسے اسٹنٹس سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

