
بھٹکل میں احتیاطی اقدامات، 60 سے زائد افراد کو ضلعی انتظامیہ کا نوٹس
بھٹکل: ضلع اتر کنڑ کے بھٹکل میں امن و امان اور قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کے تحت 60 سے زائد افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ پیش رفت اور موصولہ اطلاعات کی بنیاد پر بعض علاقوں میں کشیدگی پیدا ہونے کے خدشے کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے۔
آنے والے گنیش اُتسو اور عید میلاد النبی ﷺ سمیت مختلف تہواروں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے مقصد سے یہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نوٹس حاصل کرنے والوں میں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
پولیس محکمہ کی رپورٹ اور متعلقہ معلومات کی بنیاد پر تحصیلدار دفتر نے یہ کارروائی کی ہے۔ نوٹس میں متعلقہ افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی امن میں خلل ڈالنے والی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہ لیں، نیز ان سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مچلکہ (بانڈ) جمع کرانے کو بھی کہا گیا ہے۔
اس کارروائی پر بعض افراد کی جانب سے اعتراضات سامنے آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ افراد کو سماعت کے لیے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن، باہمی تعاون اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ تمام تہوار پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

