منگلورو میں خوفناک لینڈ سلائیڈ، ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق

منگلورو میں قیامت خیز سانحہ! بارش نے ایک ہی خاندان کی خوشیاں چھین لیں، خاتون اور دو معصوم بچوں سمیت تین افراد جاں بحق

منگلورو، یکم جولائی: ساحلی کرناٹک میں مسلسل برسنے والی موسلادھار بارش نے بدھ کی علی الصبح ایک اور دل دہلا دینے والے سانحے کو جنم دیا۔ منگلورو شہر کے کَنکناڈی پولیس اسٹیشن کے عقب میں واقع ناگوری علاقے میں پہاڑی کے کنارے تعمیر کی گئی حفاظتی دیوار اچانک منہدم ہوگئی، جس کے ساتھ مٹی اور پتھروں کا ایک دیوہیکل تودہ نیچے موجود کرائے کے ٹائلوں والے مکانات پر آ گرا۔ چند لمحوں میں ہنستا بستا ایک گھر ملبے کا ڈھیر بن گیا اور ایک ہی خاندان کے چھ افراد اس کے نیچے دب گئے۔

اس المناک حادثے میں 46 سالہ خاتون شانتا، 8 سالہ انامیکا چورسیا اور 4 سالہ معصوم پری جان کی بازی ہار گئے، جبکہ بالاکرشنا (48)، الکا (14) اور انوشا (11) کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حادثہ صبح تقریباً 4:45 سے 5 بجے کے درمیان اس وقت پیش آیا جب پورا علاقہ گہری نیند میں تھا۔ اچانک زوردار دھماکے جیسی آواز کے ساتھ حفاظتی دیوار ٹوٹ گئی اور پہاڑی سے مٹی و پتھروں کا سیلاب نیچے آ گرا۔ دیکھتے ہی دیکھتے چار مکانات شدید متاثر ہوئے، جبکہ ایک مکان مکمل طور پر ملبے تلے دب گیا۔

اطلاع ملتے ہی مقامی شہری، پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروس، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران بھاری مشینری اور اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر تمام متاثرین کو باہر نکالا، مگر افسوس کہ تین زندگیاں ہمیشہ کے لیے خاموش ہو چکی تھیں۔

تمام متاثرین کا تعلق ریاست بہار سے تھا، جو گزشتہ تقریباً بیس برس سے ناگوری میں مقیم تھے اور محنت مزدوری کرکے اپنے خاندان کا سہارا بنے ہوئے تھے۔ ایک ہی لمحے میں اس خاندان کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع جنوبی کنڑا کے ڈپٹی کمشنر درشن ایچ وی جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ پہاڑی علاقوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار مقامات پر رہنے والے خاندانوں کی فوری نشاندہی کرکے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

دوسری جانب ریاست کے وزیر برائے صحت و ضلع انچارج یو ٹی قادر نے دہلی کا اپنا دورہ مختصر کرتے ہوئے فوری طور پر منگلورو واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج کا مکمل خرچ حکومت کی جانب سے برداشت کرنے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

واضح رہے کہ ساحلی کرناٹک، خصوصاً جنوبی کنڑا ضلع، گزشتہ کئی دنوں سے موسلادھار بارش کی لپیٹ میں ہے۔ مسلسل بارش کے باعث مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، درخت گرنے، سڑکیں زیر آب آنے اور مکانات کو نقصان پہنچنے جیسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارش کا یہی سلسلہ جاری رہا تو پہاڑی علاقوں میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

رپورٹ: کراولی نیوز نیٹ ورک، بھٹکل

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *


Next Post

بھٹکل میں کرناٹک ورکنگ جرنلسٹ وائس کی جانب سے منایا گیا یوم صحافت کا دن پی ایس ائی نوین نائک اور ہیڈ کانسٹیبل دیپک نائک کی تہنیت کی گئی

بھٹکل میں یومِ صحافت کی تقریب، نمایاں خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی تہنیت بھٹکل: یومِ صحافت کے موقع پر کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس وائس (دھونی) کی بھٹکل تعلقہ یونٹ کے زیرِ اہتمام اتوار کو بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پولیس محکمہ اور […]

You May Like