
کرناٹک کابینہ کی توسیع: بھٹکل کے ایم ایل اے منکال ایس ویدیا وزارت سے محروم، آخری لمحے میں فہرست تبدیل
بنگلورو / بھٹکل: کرناٹک کابینہ کی توسیع کے سلسلے میں ایک غیر متوقع پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بھٹکل اسمبلی حلقے سے کانگریس کے ایم ایل اے منکال ایس ویدیا، جنہیں تقریباً یقینی طور پر وزیر بنایا جانے کی توقع کی جا رہی تھی، آخری لمحے میں کابینہ کی حتمی فہرست سے خارج کر دیا گیا۔
ان کی جگہ کانگریس کے سینئر رہنما اور داونگیری (شمال) کے ایم ایل اے ایس ایس ملکارجن کو ریاستی کابینہ میں شامل کیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد اتر کنڑا ضلع کو کابینہ کی اس توسیع میں کوئی نمائندگی حاصل نہیں ہو سکی، جس پر سیاسی حلقوں میں مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
کابینہ کی توسیع سے قبل آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو بھیجے گئے ایک مبینہ خط نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی۔ اس خط میں تقریباً 20 کانگریس اراکین اسمبلی کو کابینہ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جن میں منکال ایس ویدیا کا نام بھی موجود تھا۔
تاہم ذرائع کے مطابق کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے آخری لمحے میں فہرست میں تبدیلی کرتے ہوئے منکال ویدیا کی جگہ ایس ایس ملکارجن کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
سیاسی ذرائع کے مطابق اتر کنڑا ضلع سے کانگریس کے چار ایم ایل اے منتخب ہیں، جن میں آر وی دیش پانڈے، منکال ایس ویدیا اور ستیش سیل نے کابینہ میں نمائندگی کے لیے پارٹی کی مرکزی قیادت سے مسلسل رابطے کیے تھے۔ حتمی مشاورت کے دوران آر وی دیش پانڈے اور منکال ویدیا کو مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔
منکال ویدیا کے حامیوں کو یقین تھا کہ انہیں اس بار کابینہ میں شامل کیا جائے گا، خاص طور پر اس لیے کہ وہ ساحلی علاقے اور ماہی گیر برادری کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تاہم آخری لمحے میں ہونے والی تبدیلی نے ان تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کابینہ میں اتر کنڑا ضلع کی نمائندگی نہ ہونے سے مقامی کارکنوں اور عوام میں مایوسی پائی جا رہی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں کانگریس قیادت کی جانب سے اس فیصلے پر مزید وضاحت سامنے آنے کا امکان ہے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک

