شری وللی ساہتیہ سنگھ کے زیرِ اہتمام گرو پورنیما کی شاندار تقریب

شری وللی ہائی اسکول، چتراپر میں گرو پورنیما کی پروقار تقریب، شری وللی ساہتیہ سنگھ کے زیرِ اہتمام روحانی و تعلیمی اقدار کو اجاگر کرنے والا منفرد پروگرام

بھٹکل تعلقہ کے ممتاز تعلیمی اداروں میں شمار ہونے والے شری وللی ہائی اسکول، چتراپر میں، جو چتراپر مٹھ کے زیرِ انتظام چل رہا ہے، آج بدھ کے روز گرو پورنیما کا تہوار نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

گزشتہ تقریباً سولہ برسوں سے شری وللی ساہتیہ سنگھ ہر سال ایسے تعلیمی و ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کرتا آ رہا ہے، جن کا مقصد طلبہ و طالبات میں اعلیٰ اخلاقی اقدار، ہندوستانی تہذیب و ثقافت، روحانی افکار، سناتن تہواروں کی اہمیت، ہندوستانی مہاکاویوں اور ادبی روایات سے واقفیت پیدا کرنا اور ان میں مثبت فکر کو فروغ دینا ہے۔

اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر اس سال بھی گرو پورنیما کے موقع پر گرو پرمپرا کی عظمت اور اساتذہ کے احترام کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کے دوران شری وللی ساہتیہ سنگھ کے طلبہ و طالبات سمیت اسکول کے تمام طلبہ نے پوجیہ شری شری پریگیان آشرم گرو جی اور پوجیہ شری شری شری سدیوجات شنکر آشرم گرو جی کی تصاویر پر گل پیش کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں تمام اساتذہ کو بھی احتراماً سلام پیش کیا گیا۔

پروگرام کے آغاز میں جماعت ہشتم کی طالبہ کماری نناد اُمیش نائک نے تمام طلبہ کے ساتھ اجتماعی طور پر “گرو مہیما” پر مبنی روح پرور نغمہ پیش کیا۔

تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اسکول کی صدر مدرسہ محترمہ ممتا بھٹکل نے کہا کہ جو بچے اپنے اساتذہ کا احترام کرتے ہیں، وہ زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کرتے ہیں، اور استاد کی عزت کرنے والے طلبہ یقیناً کامیابی کی منزل تک پہنچتے ہیں۔

اس موقع پر سینئر استاد سنجے گوڈیگار نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ اچھے اخلاق اور بہترین تربیت نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ جن اساتذہ سے علم حاصل کیا ہے، ان کا ہمیشہ ادب و احترام کریں، کیونکہ استاد کا احترام کرنے والوں کو معاشرے میں عزت و وقار ضرور حاصل ہوتا ہے۔

شری ولی ساہتیہ سنگھ کی بانی استانی ریشما نائک نے گرو پورنیما کی تاریخ، اہمیت اور خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی خود تخلیق کردہ نظم “دیویہ تیجرو” بھی پیش کی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔

تقریب میں اساتذہ واسودیو پجاری، محترمہ کانچنا میست، شیوانند موگیر، شری دھر نائک، تریوینی نائک اور ابھیشیک نائک سمیت دیگر اساتذہ موجود تھے۔ پاونی گایتونڈے اور نکھیتا نے دعائیہ کلمات پیش کیے۔

اس موقع پر اسکول کے تمام تدریسی اور غیر تدریسی عملے نے شرکت کرتے ہوئے گرو پورنیما کی اس بامقصد اور روحانی تقریب کو کامیاب بنایا۔

رپورٹ : الاس شانبھاگ شرالی بھٹکل

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *


You May Like