مسلمان کسے کہتے ہیں?

مسلمان کسے کہتے ہیں؟
محترم حضرات۔ ہم میں سے ہر ایک شخص اس حقیقت سے بخوبی واقف ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی نعمت اسلام اور ایمان کی نعمت ہے۔ دنیا کے سارے خزانے مال و دولت اور ساری آسائشیں مل کر بھی اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔ یہ وہ نعمت ہے جو اللہ تعالٰی نے ہم کو محض اپنے فضل و کرم سے مفت میں عطا فرمائی ہے۔ جب ہم نے اس دنیا میں آنکھ کھولی۔ ہم نے اپنے آپ کو مسلمان گھرانے میں پایا۔ ہم نے اس نعمت کو پانے کے لئے کوئی درخواست نہیں دی تھی۔ اور نہ ہی اس کے حصول کے لئے کوئی جد و جہد کی تھی۔ بلکہ اللہ تعالٰی نے محض اپنے فضل و کرم سے یہ نعمت اسلام اور ایمان عطا فرمائی۔

یہ وہ ایمان کی عظیم الشان دولت ہے، جس کے مقابلے میں دنیا کی تمام دولت کوئی معنی اور قیمت نہیں رکھتی۔

اللہ تعالیٰ نے اسلام کی نعمت کی عظمت کو قرآن مجید میں واضح فرمایا ہے۔ جب دین کی تکمیل ہوئی تو اللہ تعالیٰ نے اعلان فرمایا:
﴿الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِينًا۔ آج میں نے تمہارے دین کو تمھارے لئے مکمل کر دیا، تم پر اپنی نعمت تمام کر دی اور تمہارے لئے اسلام کو تمہارے دین کی حیثیت سے پسند کر لیا۔‘‘
اللہ تعالی اس آیت کریمہ میں دین اسلام کو اپنی نعمت قرار دیا ہے۔ اور اس کو اپنا پسندیدہ دین فرمایا ہے۔

یہ جو عظیم ترین نعمت اللہ تعالٰی ہم کو عطا فرمائی ہے۔ رب ذوالجلال کا کتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔ ہم نے اللہ تعالٰی سے یہ نہیں کہا تھا۔ اے میرے رب تو ہمیں مسلمانوں کے گھر میں پیدا کر دے۔ اگر وہ چاہتا ہم مشرکین کے گھروں میں بھی پیدا ہو سکتے تھے۔ اللہ تعالٰی نے ہمیں بن مانگے مسلمان ماں باپ دئے۔
یہ الله تعالی کا بڑا احسان ہے۔ اور اس احسان کا ہم کو شکر گزار ہونا چاہیے۔ اگر ہم نے اس احسان کا شکر ادا نہیں کیا۔ تو ہم احسان فراموش ہوں گے۔ اللہ تعالٰی نے یہ جو عظیم نعمت ہم کو عطا فرمائی ہے۔ اس کا اولین تقاضا یہ ہے کہ ہم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے سچے پیرو کار بن جائیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر مکمل عمل کریں۔
احسان شناسی پر اللہ تعالٰی کی طرف سے انعام کا وعدہ ہے لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَأَزِيدَنَّكُمْ اگر تم شکر گزاری کروگے تم میں تمہیں زیادہ دوں گا
اور احسان فراموشی پر اللہ تعالٰی کا وبال ہوتا ہے۔اس احسان فراموشی کے نتیجہ میں یہ وبال الله تعالی نے یہود و نصاری پر نازل فرمایا
وَضُرِبَتۡ عَلَيۡهِمُ ٱلذِّلَّةُ وَٱلۡمَسۡكَنَةُ وَبَآءُو بِغَضَبٖ مِّنَ ٱللَّهِۚ
آخر نوبت یہاں تک پہنچی پستی و بدحالی ان پر مسلط ہوگئی اور وہ اللہ کے غضب میں گھر گئے
حضرات! مسلما
ن کسے کہتے ہیں؟ کیا کوئی شخص محض مسلمان ماں باپ کے پیٹ سے پیدا ہونے کی وجہ سے مسلمان ہوتا ہے؟ کیا ہندو، عیسائی، سکھ یا یہودی والدین کے گھر پیدا ہونے والا بچہ پیدائش ہی کی وجہ سے ان مذاہب کا پیروکار بن جاتا ہے؟ کیا مسلمان ماں باپ کے گھر پیدا ہونے والا ہر بچہ صرف اپنی پیدائش کی بناء پر مسلمان ہے؟ کیا کسی شخص کا مسلمان ہونا اس وجہ سے ہے کہ وہ کسی مسلمان والدین کا بیٹا، پوتا یا بھائی ہے؟

کیا مسلمان بھی اس طرح مسلمان پیدا ہوتا ہے جس طرح ایک برہمن کا بچہ برہمن راجپوت کا بیٹا راجپوت اور شودر کا بیٹا شودر پیدا ہوتا ہے

یہ جو سوالات ہیں آپ ان سے اچھی طرح واقف ہیں۔ مسلمان نسلی نہیں ہوتا۔ کسی مسلمان گھرانے میں پیدا ہونے سے کوئی مسلمان نہیں بنتا۔ چاہے وہ کونسا بھی عمل کرے۔ مسلمان لانے سے مسلمان بنتا ہے۔ چاہے اس کا تعلق کسی برہمن راجپوت یا شودر ذات سے کیوں نہ ہو۔ وہ کسی مسیحی یا سکھ گھرانے میں پیدا ہوا ہو۔ اگر وہ اسلام قبول کرتا ہے وہ ہمارا بھائی ہے۔ اس کے اور ہمارے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔
ابولھب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا تھے۔ وہ ایمان نہیں لائے اور اسلام کے سخت ترین دشمن بن گئے۔

اللہ تعالیٰ نے ابولہب کو محض اس لیے کوئی رعایت نہیں دی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کا چچا تھا۔ اس نے اسلام اور مسلمانوں کو شدید تکلیفیں پہنچائیں اور رسول اللہ ﷺ کی دعوتِ حق کی مخالفت میں پیش پیش رہا۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے نزدیک رشتہ داری کی کوئی اہمیت نہیں، جب تک انسان ایمان اور عملِ صالح سے اپنا مقام نہ بنائے۔ اللہ تعالیٰ نے ابولہب کے چچا ہونے کو نہیں دیکھا، بلکہ اس کے کفر، عناد اور دشمنی کی بنیاد پر اس کی مذمت فرمائی۔ اور اسے جھنم کی وعید سنائی۔ قرآنِ مجید میں اس کی مذمت کے لیے پوری سورة تبت يدا ابى لہب نازل ہوئی، جو قیامت تک پڑھی جاتی رہے گی۔ اور اس کے برے انجام کی یاد دلاتی رہے گی۔
حضرت نوح علیہ السلام اللہ کے برگزیدہ نبی تھے۔ ان کا بیٹا اللہ پر ایمان نہیں لایا۔ وہ الله کے عذاب سے بچ نہیں سکا۔ قرآن کہتا ہے فَكَانَ مِنَ الۡمُغۡرَقِيۡنَ‏ ۞ اسی طرح حضرت نوح اور حضرت لوط علیہ السلام کی بیویوں نے بھی اللہ کی نافرمانیاں کیں۔ اور وہ دونوں اللہ کے عذاب میں گرفتار ہوئیں۔ اور انھیں جھنم کی وعید سنائی گئی
فرعون اپنی خدائی کا دعوٰی کرتا تھا۔ بڑا ہی ظالم حکمران تھا۔وہ سمندر میں غرق ہوگیا۔ لیکن فرعون کی بیوی اللہ پر ایمان لائی۔ فرعون نے اس پر بے انتہا ظلم ڈھائے۔ اس نے اللہ سے دعا کی رَبِّ ابۡنِ لِىۡ عِنۡدَكَ بَيۡتًا فِى الۡجَـنَّةِ وَنَجِّنِىۡ مِنۡ فِرۡعَوۡنَ وَعَمَلِهٖ وَنَجِّنِىۡ مِنَ الۡقَوۡمِ الظّٰلِمِيۡنَۙ
میدان عرفات میں جو آپ کا آخری خطبہ تھا آپ ﷺ نے فرمایا
”کسی عربی کو کسی عجمی پر، کسی گورے کو کسی کالے پر اور کسی کالے کو کسی گورے پر کوئی فضیلت حاصل نہیں، سوائے تقویٰ کے۔“
رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
النَّاسُ سَواءٌ كَأَسْنانِ الْمُشْطِ
تمام انسان کنگھی کے دندانوں کی طرح برابر ہیں
جس طرح کنگھی کے دندانوں میں کوئی اونچ نیچ نہیں ہے۔ وہ سب یکساں ہیں۔ اسی طرح سارے انسان خدا کی نظر میں یکساں ہیں

حضرات! اللہ تعالیٰ کے نزدیک تمام انسان بحیثیتِ انسان برابر ہیں۔ کسی کو محض اس کے نسب، خاندان، نسل یا قومیت کی بنیاد پر کوئی خصوصی فضیلت حاصل نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کرتا اور نہ ہی کسی خاص نسل یا خاندان کے لوگوں کے لیے اس کے نزدیک کوئی خصوصی رعایت حاصل ہے۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک نہ کوئی محض خاندانی نسبت کی وجہ سے کوئی لاڈلا ہے اور نہ کوئی محض اپنی پیدائش کی وجہ سے مبغوض ہے
الله تعالی کے نزدیک سارے انسان برابر ہیں۔ کوئی خاص اور کوئی عام نہیں ہے۔ اللہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کرتا۔ نسلی بنیادوں پر اللہ تعالٰی کا کوئی لاڈلا اور چہیتا نہیں ہے۔
إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ
درحقیقت تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے۔ جو تم میں سب سے زیادہ پرہیز گار ہے۔
ہم اس بنیاد پر اللہ کے مقربین نہیں ہو سکتے کہ ہم امت محمدیہ میں سے ہیں۔ چاہے ہمارا عمل کیسا بھی رہنے دو
یہ تو یہود و نصاری بھی کہتے تھے
وَقَالَتِ الْيَهُودُ وَالنَّصَارَى نَحْنُ أَبْنَاءُ اللَّهِ وَأَحِبَّاؤُهُ
یہود و نصاری کہتے تھے ہم اللہ کے چہیتوں اور محبوبوں کی اولاد ہیں جنت ان کا پیدائشی حق ہے اول تو وہ جھنم میں نہیں ڈالے جائیں گے اور اگر وہ جھنم میں ڈالے بھی گئے محض چند روزہ۔ وَقَالُوا لَن تَمَسَّنَا النَّارُ إِلَّا أَيَّامًا مَّعْدُودَةً
اسلام کی نعمت کے ساتھ اللہ تعالٰی نے ہمیں امت محمدیہ میں پیدا کیا۔ یہ اللہ کا بڑا فضل ہے۔ ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم انبیاء کے سردار اور خاتم الأنبياء ہیں۔ جتنی بڑی اس امت میں شامل ہونے کی فضیلت ہے اتنی ہی بڑی جواب دہی بھی ہے۔ جتنی بڑی نعمت ہوگی۔ اتنی بڑی شکر گزاری بھی ضروری ہے۔ ورنہ کفران نعمت کی پاداش میں اتنی بڑی سزا بھی ہوگی

حضرات! محض مسلمان گھرانے میں پیدا ہو جانے سے کوئی شخص حقیقی معنوں میں مسلمان نہیں بن جاتا۔ اسی طرح ختنہ کروا لینے، پاجامہ پہننے، لنگی باندھنے یا داڑھی رکھ لینے سے بھی کسی کے مسلمان ہونے کی شناخت نہیں ہے ۔ یہ ظاہری علامات ہیں، لیکن اسلام کی اصل حقیقت ان ظاہری وضع قطع سے کہیں آگے ہے۔
آپ سکھ قوم کو دیکھیے، جن کے افراد عموماً سردار جی کہلاتے ہیں۔ ان کے یہاں داڑھی رکھنا اور پگڑی باندھنا مذہبی شناخت کی نمایاں علامتیں ہیں۔ لیکن کیا محض داڑھی رکھنے اور پگڑی باندھنے سے کوئی مسلمان بن سکتا ہے؟ ہرگز نہیں! یقینا داڑھی رکھنا سنت ہے لیکن داڑھی رکھنے کے ساتھ اسلامی تعلیمات پر عمل آوری ضروری ہوگی
حضرات یہ دین اسلام کی نعمت ہمیں مفت میں ملی ہے۔ اس لئے ہمیں اس کی قدر نہیں ہے۔ صحابہ کرام کو اس نعمت کے پانے کے لئے بڑی قربانیاں دینی پڑیں

حضرت بلالؓ رضی اللہ عنہ کو اسلام قبول کرنے کی پاداش میں کفار مکہ طرح طرح کی اذیتیں دیتے تھے۔ مکہ کی تپتی ہوئی ریت پر پیٹھ کے بل لٹاتے۔ اور سینہ پر بھاری بھاری پتھر رکھتے۔ تاکہ وہ دین کو چھوڑ دیں۔ لیکن وہ اپنے دین پر ڈٹے رہے اور مسلسل کہتے رہے: اَحَدٌ، اَحَدٌ (اللہ ایک ہے، اللہ ایک ہے)
حضرت خباب بن ارت رضی اللہ عنہ کو دھیمی آنچ پر لٹا دیا جاتا۔ یہاں تک کہ ان کی چربی پگھل کر آگ کو بجھانے کا سبب بنتی

حضرت عمار بن یاسرؓ، ان کے والد حضرت یاسرؓ، ان کی والدہ حضرت سمیہؓ اور ان کے گھرانے کے دوسرے افراد ہیں، جنہیں اسلام چھوڑنے پر مجبور کرنے کے لیے سخت اذیتیں دی گئیں۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم جب ان کے پاس سے گزرتے فرماتے ’’اے آلِ یاسر! صبر کرو، تمہارے لئے جنت کا وعدہ ہے۔‘‘
ابوجھل نے حضرت سمیہ کی شرمگاہ میں برچھی مار کر انھیں شہید کیا۔ وہ اسلام کی سب پہلی شہید خاتون ہیں

صحابہ کرام نے اس دین کو بڑی آزمائشوں کی رہ گزر سے قبول کیا۔ اپنی جان مال و اولاد اور ہر طرح کی قربانیاں انھیں اس دین کے قبول کرنے کے خاطر دینی پڑیں۔ سب کچھ اذیتوں کو انھوں نے برداشت کیا۔ یہ دین ہمیں قربانیوں کے بغیر ملا ہے۔ اس لئے اس کی ہمیں قدر نہیں ہے۔

آج ہم دیکھتے ہیں۔ بہت سے مسلمان کفار کے لباس ان کی وضع قطع۔ گفتگو کے انداز۔ بلکہ کھانے پینے کے طریقوں میں بھی ان کی نقالی کرنے لگے ہیں۔ وہ اپنی شکل و صورت ان ہی جیسے بناتے ہیں۔ سر کے بالوں میں ان کی مشابہت۔ ناخن بڑھاتے ہیں، سونے کی انگوٹھیاں پہنتے ہیں اور بائیں ہاتھ سے کھاتے پیتے ہیں۔
آخر کیا وجہ ہے کہ ایک مسلمان، جو مسلمان گھرانے میں پیدا ہوا، جس کی پرورش توحید کے ماحول میں اور لا الٰہ الا اللہ، محمد رسول اللہ کے پرچم تلے ہوئی،کفار کی نقالی کرتا ہے۔ شراب پیتا ہے۔ بدکاری کرتا ہے۔ بے حیائی کے کام انجام دیتا ہے۔ ان کے ہیروز کو اپنا ہیرو سمجھتا ہے۔ کتنے مسلمان ایسے ہیں جو ایک دوسرے سے حسد کرتے ہیں۔ دوسروں کے گھروں کو اجاڑنے کی فکر میں لگے رہتے ہیں۔ دوسروں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کرتے ہیں۔ کھیلوں اور پارٹیوں میں لاکھوں روپے اڑاتے ہیں۔لیکن جب کسی غریب، یتیم، بیوہ یا ضرورت مند کی مدد کا موقع آتا ہے تو ان کے ہاتھ تنگ ہو جاتے ہیں۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
السَّاعِي عَلَى الْأَرْمَلَةِ وَالْمِسْكِينِ كَالْمُجَاهِدِ فِي سَبِيلِ اللَّهِ۔
ترجمہ: بیوہ اور مسکین کی مدد کے لیے کوشش کرنے والا اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے کی طرح ہے۔

اصل سوال یہ ہے کہ ہمارے کردار میں اسلام کتنا ہے؟ ہماری زندگی میں رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کتنی ہیں؟ ہمارے معاملات میں دیانت داری، ہمارے دلوں میں رحم اور ہمارے رویوں میں انسانیت کتنی ہے؟

حضرات! کوئی شخص محض مسلمان گھرانے میں پیدا ہو جانے سے مسلمان نہیں بن جاتا۔ سرکاری کاغذات میں اس کا مذہب اسلام درج ہونے سے کوئی مسلمان نہیں بنتا،

اصل سوال یہ نہیں کہ سرکاری کاغذات میں اس کا مذہب کیا لکھا ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ کے رجسٹرڈ میں اس کی حیثیت کیا ہے؟ کیا اس نے شعوری طور پر اسلام کو اپنا دین تسلیم کیا ہے؟ کیا اس کا ایمان، اس کے عقائد، اس کے اعمال اور اس کی زندگی اللہ تعالیٰ کے احکام کے تابع ہیں؟ کیا اللہ کے رجسٹرڈ میں مسلم نام لکھا ہوا ہے یا نہیں
کیونکہ اللہ تعالیٰ کے یہاں فیصلہ انسانوں کے بنائے ہوئے اندراجات کی بنیاد پر نہیں، بلکہ ایمان اور اعمال کی بنیاد پر ہوگا۔
اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ ہمیں حقیقی مسلمان بنائے

سید محمد زبیر مارکیٹ بھٹکل

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *


Next Post

کنڈاپور میں ⁦71⁩واں کرناٹک راجیہ اتسوا جوش و خروش سے منایا گیا،

کنڈاپور میں کرناٹک رکشانا ویدیکے کے مستقل پرچم کٹّے پر ⁦71⁩واں کرناٹک راجیہ اتسوا جوش و خروش سے منایا گیا، ماں بھونیشوری کی تصویر پر پھول نچھاور کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔   کنڈاپور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، کرناٹک رکشانا ویدیکے، ریاستی صدر نارائن گوڑا کے دھڑے کی […]

You May Like