
بھٹکل: پانی پینے کے بہانے بزرگ خاتون سے سونے کی چین چھین لی گئی
بھٹکل: پینے کے پانی کا بہانہ بنا کر ایک بزرگ خاتون سے سونے کی چین چھین کر فرار ہونے کا واقعہ ضلع اُتر کنڑ کے تعلقہ بھٹکل کے بیلکے گراڈی ہٹل علاقے میں پیش آیا۔ اس واردات میں گرڈی ہٹل رہائشی 70 سالہ ہونّمّا مہادیو نائک اپنی سونے کی چین سے محروم ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق، ماسک پہنے موٹر سائیکل پر آئے دو نامعلوم افراد نے پہلےایڈریس کے بارے میں پوچھنے کے بہانے بزرگ خاتون سے رابطہ کیا۔ خود کو کوریئر اسٹاف بتاتے ہوئے انہوں نے ایک مخصوص شخص کا نام لے کر اس کا پتہ دریافت کیا۔ جب خاتون نے بتایا کہ اس نام کا کوئی شخص اس علاقے میں نہیں رہتا، تو ملزمان نے پینے کے لیے پانی مانگا۔
خاتون کے پانی لا کر دینے کے بعد ملزمان نے دوبارہ پانی مانگا۔ اسی دوران موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل کے پچھلے حصے پر بیٹھے شخص نے اچانک بزرگ خاتون کے گلے سے سونے کی چین جھپٹ لی۔ اس غیر متوقع حملے سے خاتون زمین پر گر پڑیں، جبکہ ملزمان تیزی سے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔
خاتون کی چیخ و پکار سن کر مقامی افراد نے ملزمان کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ شیروُر ٹول گیٹ کے راستے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی وائی ایس پی مہیش، سی پی آئی منجوناتھ لنگا ریڈی سمیت پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ اس سلسلے میں بھٹکل رورل پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں۔
کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

