
بھٹکل: ( کراولی نیوز بیرو )
بھٹکل سے گزرنے والی نیشنل ہائی وے 66 کی طویل عرصے سے زیرِ التوا توسیعی منصوبہ ایک بار پھر نئی رکاوٹوں کا شکار ہو گیا ہے۔ اس مرتبہ تنازع نوائط کالونی کے علاقے میں واقع مرین کٹے کی منتقلی اور بس اسٹینڈ کے قریب قائم ٹیکسی اسٹینڈ کی جگہ منتقلی کو لے کر سامنے آیا ہے۔
جیسے ہی ہائی وے کی تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوئیں، مرین کٹے کی منتقلی پر اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ ایک طبقہ اس بات پر بضد ہے کہ جب تک مرین کٹے کو مکمل طور پر موجودہ مقام سے ہٹا نہیں دیا جاتا، ہائی وے کی توسیع کا کام آگے نہ بڑھایا جائے۔ جبکہ دوسرا طبقہ مطالبہ کر رہا ہے کہ اسے قریبی علاقے میں پہلے سے نشان زدہ متبادل جگہ پر منتقل کیا جائے۔ دونوں فریقوں کے درمیان اتفاقِ رائے نہ ہونے کی وجہ سے اس مقام پر کام تعطل کا شکار ہے۔
اسی طرح، بس اسٹینڈ کے قریب موجود ٹیکسی اسٹینڈ سے وابستہ ٹیکسی مالکان اور ڈرائیوروں نے بھی اپنی مخالفت درج کرائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک انہیں کوئی مناسب اور متبادل جگہ فراہم نہیں کی جاتی، وہ ٹیکسی اسٹینڈ کی منتقلی کو قبول نہیں کریں گے۔ اس احتجاج نے بھی نیشنل ہائی وے کے کام میں ایک اور بڑی رکاوٹ کھڑی کر دی ہے۔
ان تمام حالات کے پیش نظر اترا کنڑا ضلع کی ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے بھٹکل کا دورہ کیا اور مختلف اہم مقامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موڈ بھٹکل، ٹیکسی اسٹینڈ، مرین کٹے اور کائکنی بستی کا دورہ کر کے زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس سے قبل انہوں نے تحصیلدار دفتر میں ایک تفصیلی اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے عہدیداران، تعمیراتی کمپنی کے نمائندے اور مختلف سماجی و کمیونٹی لیڈران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ہائی وے منصوبے کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے کہا کہ دو سے تین مقامات پر درپیش مسائل کی وجہ سے ہائی وے کا کام متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ بات چیت اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے ان تنازعات کو حل کیا جائےگا تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے۔ انہوں نے تمام فریقوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل نہ ہوا تو قانونی راستہ اختیار کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس موقع پر تحصیلدار ناگندر کولاشیٹی، این ایچ اے آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شیوا کمار، ٹی ایم سی چیف آفیسر وینکٹیش ناؤڈا، پولیس انسپکٹر دیواکر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

