
بھٹکل سے مرُڈیشور مندر تک تحصیلدار کی پدیاترا
بھٹکل:( کراولی نیوز بیرو ) مہاشیوراتری کے مقدس موقع پر بھٹکل تعلقہ سے ہزاروں شیو بھکتوں نے عالمی شہرت یافتہ مُرڈیشور تک ننگے پاؤں تقریباً 18 کلو میٹر طویل پدیاترا کی۔ علی الصبح ہی “اوم نمہ شیوائے” کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ عقیدت مند مرُڈیشور کی سمت روانہ ہوئے اور پورا راستہ عقیدت و روحانیت کے رنگ میں ڈوبا رہا۔
اس پدیاترا میں بھٹکل کے تحصیلدار ناگیندرکول شیٹی بھی محکمہ مال (ریونیو ڈپارٹمنٹ) کے عملے کے ساتھ شامل ہوئے۔ انہوں نے صبح تقریباً چار بجے بھٹکل سے پدیاترا کا آغاز کیا اور سات بجے کے قریب مرُڈیشور پہنچ کر شیو پنچکشیتر میں شامل مرُڈیشور مندر میں بھگوان شیو کے درشن کیے۔ سرکاری افسران کی اس مذہبی وابستگی اور عوام کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے جذبے کو دیکھ کر شیو بھکتوں نے دل کھول کر سراہا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے تحصیلدار ناگیندر کول شیٹی نے کہا:
“مہاشیوراتری کے موقع پر پہلی بار میں نے اپنے عملے کے ساتھ مل کر پدیاترا کے ذریعے درشن کیے ہیں۔ میری دعا ہے کہ مہا مرُڈیشور بھگوان تمام بھکتوں کو طویل عمر، صحت اور خوشحالی عطا فرمائیں۔”
ادھر لوک کلیان (عوامی فلاح) کی نیت سے یہ پدیاترا مسلسل 16ویں سال رنجن گیس ایجنسی کی سرپرستی میں منعقد کی گئی۔ اس مذہبی یاترا میں رنجن انڈین گیس ایجنسی کی مالکہ شیوانی شانتارام، شانتارام بھٹکل، کرن چنداور سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ منتظمین کی جانب سے یاتریوں کے لیے بنیادی سہولیات کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
مہاشیوراتری کے اس روح پرور موقع پر بھٹکل سے مرُڈیشور تک کی یہ پدیاترا نہ صرف عقیدت کی علامت بنی بلکہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کی خوبصورت مثال بھی قائم کر گئی۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

