
بھٹکل سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں اور عملے کی شدید کمی — عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
بھٹکل: 27 فروری بروز جمعہ بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں گزشتہ تقریباً ایک سال سے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی سنگین کمی کے باعث عوام کو شدید پریشانیوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ کے ہزاروں غریب اور متوسط طبقے کے لوگ علاج معالجہ کے لیے اسی سرکاری اسپتال پر انحصار کرتے ہیں، مگر ضروری طبی سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
مقامی شہریوں اور سوشل ورکر کے مطابق اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی کمی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ مریضوں کو بروقت علاج میسر نہیں ہو پا رہا۔ خاص طور پر حاملہ خواتین، بزرگ افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا مریض سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ کئی مریضوں کو مجبوری میں نجی اسپتالوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جہاں مہنگے علاج کے اخراجات غریب خاندانوں کے لیے برداشت سے باہر ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث قیمتی جانیں بھی ضائع ہو رہی ہے ۔ بروقت علاج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو دوسرے شہروں میں منتقل کرنا پڑتا ہے، جس کے دوران قیمتی وقت ضائع ہونے سے صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپتال میں خصوصاً ماہر امراضِ نسواں، ماہر امراضِ چشم، ماہر ہڈی و جوڑ (آرتھوپیڈک اسپیشلسٹ)، فارماسسٹ، گروپ ڈی ملازمین اور آؤٹ سورس عملے کی شدید کمی پائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ معیاری ادویات کی قلت بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے، جس کے باعث مریضوں کو بازار سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
عوامی حلقوں کا الزام ہے کہ اس اہم مسئلے کے باوجود متعلقہ حکام اور عوامی نمائندوں کی جانب سے اب تک کوئی مؤثر اور مستقل حل سامنے نہیں آیا۔ شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی صحت کے اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر لیا جائے اور اسپتال میں ضروری ڈاکٹروں اور عملے کی تعیناتی جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔
مقامی سماجی کارکن اور عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صحت کی سہولیات کا بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے، جس کے اثرات پورے علاقے کی عوام پر پڑیں گے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ غریبوں کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ سرکاری اسپتال دوبارہ عوام کے اعتماد کا مرکز بن سکے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

