
بھٹکل میں نگر ہندو سنگم سے قبل بڑی بائیک ریلی کا انعقاد
بھٹکل: کل ہونے والے نگر ہندو سنگم پروگرام کی تیاریوں کے سلسلے میں ہفتہ کے روز بھٹکل شہر میں ہندو کارکنوں کی جانب سے ایک بڑی اور پُرجوش بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں بڑی تعداد میں نوجوانوں اور مختلف ہندو تنظیموں کے کارکنوں نے شرکت کی –
یہ بائیک ریلی چنّا پٹنہ میں واقع ہنومان مندر سے شروع ہوئی۔ ریلی میں شامل کارکن جھنڈے کے ساتھ مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے آگے بڑھے۔ ریلی کا راستہ اسار کیری ، مغدوم کالونی، شمس الدین سرکل، رنگیں کٹے، ہرلی سال اور ساگر روڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ شمس الدین سرکل تک پہنچا، جہاں سے یہ پی ایل ڈی بینک روڈ کی طرف سے شہر کے مختلف علاقوں سے گزرنے کے بعد ریلی دوبارہ چنّا پٹنہ کے ہنومان مندر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے دوران کارکنوں نے نگر ہندو سنگم پروگرام کی اہمیت کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس پروگرام میں شرکت کریں۔ اس موقع پر شرکاء میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا اور شہر کے مختلف مقامات پر لوگوں نے ریلی کا استقبال بھی کیا۔
امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این کی نگرانی میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم کرشن مورتی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گریش، سی پی آئی دیواکر پی ایم، رورل پولیس اسٹیشن کے سی پی آئی وینکٹیش ایس مرنال اور ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی نوین ایس نائک سمیت کئی پولیس افسران موقع پر موجود تھے اور سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے تھے۔
پولیس کی مؤثر نگرانی اور انتظامات کی بدولت ریلی پُرامن طریقے سے مکمل ہوئی۔ منتظمین نے امید ظاہر کی کے کل ہونے والا نگر ہندو سنگم پروگرام بھی کامیابی کے ساتھ منعقد ہوگا اور اس میں عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

