
بھٹکل: ٹاؤن پولیس کا موٹر سائیکل سروس سینٹرز، گیراجوں اور وہیکل موڈیفکیشن شاپس پر خصوصی معائنہ، غیر قانونی سائلنسر اور غیر مجاز تبدیلیوں پر سخت وارننگ
بھٹکل ٹاؤن پولیس نے ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد، عوامی امن و سکون کے تحفظ اور شور آلودگی کی روک تھام کے مقصد سے شہر کے مختلف موٹر سائیکل سروس سینٹرز، گیراجوں اور گاڑیوں کی موڈیفکیشن کرنے والی دکانوں کا خصوصی معائنہ کیا۔
یہ کارروائی بھٹکل ٹاؤن پولیس سب انسپکٹر (لاء اینڈ آرڈر) نوین نائک کی قیادت میں ان کی پوری پولیس ٹیم نے انجام دی۔
معائنے کے دوران سروس سینٹرز، گیراجوں اور گاڑیوں کو خوبصورت یا جدید طرز پر تبدیل کرنے والی دکانوں کے مالکان اور عملے کو واضح طور پر ہدایت دی گئی کہ موٹر سائیکلوں میں غیر قانونی یا شور پیدا کرنے والے ترمیم شدہ سائلنسر نصب کرنا، گاڑیوں میں غیر مجاز تبدیلیاں کرنا، یا ایسی کسی بھی قسم کی موڈیفکیشن انجام دینا جو موٹر وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی ہو، قانوناً جرم ہے۔
پولیس نے تمام متعلقہ افراد کو سختی سے متنبہ کیا کہ وہ مستقبل میں اس قسم کے کسی بھی غیر قانونی کام سے مکمل طور پر اجتناب کریں اور اپنی دکانوں یا گیراجوں میں ایسے سائلنسر نصب کرنے یا قانون کے خلاف کسی بھی قسم کی تبدیلی انجام دینے سے گریز کریں۔
سب انسپکٹر نوین نائک نے دو ٹوک انداز میں خبردار کیا کہ اگر کوئی فرد، گیراج، سروس سینٹر یا وہیکل موڈیفکیشن شاپ غیر قانونی سائلنسر نصب کرتے ہوئے یا گاڑیوں میں غیر مجاز تبدیلیاں کرتے ہوئے پائی گئی تو اس کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بھٹکل ٹاؤن پولیس نے عوام، گاڑی مالکان، مکینک حضرات اور وہیکل موڈیفکیشن شاپس کے مالکان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، غیر قانونی سائلنسر اور غیر مجاز تبدیلیوں سے اجتناب کریں، تاکہ شہر میں امن، سکون اور محفوظ ٹریفک نظام کو برقرار رکھنے میں پولیس کا بھرپور تعاون ممکن ہو۔
رپورٹ: کراولی نیوز نیٹ ورک، بھٹکل

