
بھٹکل میں شری ماریکامبا جاترے کا آغاز، عقیدت مندوں کا سمندر، سخت حفاظتی انتظامات
بھٹکل: ضلع اترکنڑا کے مشہور مذہبی میلوں میں شمار ہونے والے شری ماریکامبا دیوی کے سالانہ جاترے کا باقاعدہ آغاز بدھ کی صبح دیوی کی مورتی کو روایتی انداز میں گدّی (گدوگے) پر نصب کرنے کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر مذہبی رسومات اور ویدک منتروں کے درمیان ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور دیوی کے درشن حاصل کیے۔
تاریخی اعتبار سے منفرد اہمیت رکھنے والا یہ جاترہ ابتدا میں گاؤں کی دیوی کی عبادت کے طور پر منایا جاتا تھا، جس میں پسماندہ اور درج فہرست ذاتوں و قبائل کی برادریوں کا نمایاں کردار رہا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ تہوار ریاست کے مختلف علاقوں سے آنے والے عقیدت مندوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے والا ایک بڑا مذہبی اجتماع بن چکا ہے۔
جاترے کے سلسلے میں منگل کی شب وشوکرما برادری کی جانب سے دیوی کی خصوصی پوجا ادا کی گئی۔ بعد ازاں بدھ کی علی الصبح دیوی کی مورتی کو روایتی جلوس کی شکل میں مندر لایا گیا۔ قدیم روایت کے مطابق سب سے پہلے جین برادری نے خصوصی پوجا انجام دی، جس کے بعد مندر کے روبرو واقع احاطے میں ویدک منتروں کے ساتھ مورتی کی باقاعدہ پرتشٹھا کی گئی۔
دو روزہ اس مذہبی میلے کے پہلے دن بیرونِ شہر اور دیگر علاقوں سے آنے والے عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں، جبکہ دوسرے دن مقامی باشندے خصوصی مذہبی رسومات اور پوجا میں حصہ لیتے ہیں، جو اس میلے کی ایک منفرد روایت سمجھی جاتی ہے۔ اس موقع پر بے شمار عقیدت مندوں نے اپنی منتیں پوری کرتے ہوئے خصوصی نذرانے بھی پیش کیے۔
عقیدت مندوں کا عقیدہ ہے کہ دیوی کی برکت سے گاؤں کو وبائی امراض، قدرتی آفات اور دیگر مصائب سے تحفظ حاصل ہوتا ہے۔ اسی عقیدے کے تحت لوگوں نے پھولوں کے تاج، پتوں سے تیار کردہ ہار اور چاندی سے بنی آنکھیں بطور نذر پیش کرکے اپنے اہلِ خانہ کی سلامتی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔
زائرین کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس محکمہ نے سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے۔ مورتی کی پرتشٹھا سے قبل بم ناکارہ بنانے والے دستے اور ڈاگ اسکواڈ نے مندر اور اطراف کے علاقوں کی مکمل تلاشی لی، جبکہ عوام کی سہولت اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات نافذ کیے گئے۔
جاترے کے دوران بیندور کے رکنِ اسمبلی گروراج گنٹیہولے نے بھی مندر پہنچ کر شری ماریکامبا دیوی کے درشن کیے اور خصوصی پوجا میں شرکت کی۔ اس موقع پر سماجی کارکن ایرا نائک چوتنی سمیت متعدد رضاکار عقیدت مندوں کی رہنمائی، سہولت اور منظم درشن کو یقینی بنانے کے لیے خدمات انجام دیتے ہوئے نظر آئے۔
سالانہ جاترے کی اختتامی تقریب جمعرات کی شام منعقد ہوگی، جس میں دیوی کی مورتی کو روایتی جلوس کے ساتھ کریکل سمندر لے جایا جائے گا، جہاں وسرجن (نذرِ آب) کی رسم ادا کیے جانے کے ساتھ اس سال کے مذہبی میلے کا اختتام ہوگا۔
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

