
کرناٹک کے ضلع اتر کنڑا کے بھٹکل تعلقہ میں واقع مشہور سیاحتی مقام مرڈیشور کے اطراف سڑکوں کی خستہ حالی پر عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ خاص طور پر بستی مکّی سے مرڈیشور اربن بینک تک نیشنل کالونی کی سڑک گزشتہ کئی برسوں سے انتہائی خراب حالت میں ہے، جس کے باعث مقامی لوگوں کو روزمرہ آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق تقریباً پانچ ماہ قبل سڑک کی مرمت کے نام پر صرف بجری (جلی) ڈال کر کام ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا، جس کے بعد سے حالات مزید بگڑ گئے ہیں۔ اس غیر مکمل کام کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل سوار اور دیگر گاڑی چلانے والے حادثات کا شکار ہو کر زخمی ہو چکے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کو متعدد بار ریاستی وزیر منکال ویدیا کی توجہ میں لایا گیا، لیکن اب تک کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ لوگوں کا الزام ہے کہ انتخابات کے وقت بڑے بڑے وعدے کیے گئے تھے، مگر اب وزیر منکال تک رسائی مشکل ہو گئی ہے اور عوامی مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
مقامی نمائندوں نے سخت لہجے میں خبردار کیا ہے کہ اگر متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار جلد از جلد سڑک کی مرمت مکمل نہیں کرتےہیں تو عوام مجبوراً شدید احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو آئندہ انتخابات میں ووٹ کی حمایت واپس لینے پر غور کیا جائے گا۔
عوام نے حکومت سے فوری مداخلت اور محفوظ، معیاری سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے تاکہ حادثات کو روکا جا سکے اور علاقے کے لوگوں کو راحت مل سکے۔
رپورٹ کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل
\

