جنگل باسیوں کے قانونی جلوس کا آغاز: ریاستی حکومت کو تین پشتوں کے دستاویزات کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے — ریویندرا نائک

بھٹکل میں جنگلاتی حقوق قانون پر آگاہی ریلی؛ تین نسلوں کی دستاویز کا مطالبہ غیر قانونی — رَوِیندرا نائک

بھٹکل: 3 دسمبر 2025 بروز بدھ جنگلاتی حقوق قانون کے تحت روایتی جنگل باسیوں سے تین نسلوں کی مخصوص دستاویزات مانگنا بالکل غیر قانونی ہے۔ اس طرح کی کارروائی قانون کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ یہ بات ریاستی جنگلاتی زمین حقوق فورم کے صدر رَوِیندرا نائک نے ضلع سطح کی ’’جنگل باسیوں کی قانونی آگہی ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ریلی کے دوران مقامی ایس ڈی ایم کی عدم موجودگی میں فورم کے نمائندوں نے تحصیلدار ناگندر نائیک کے ایس کو ایک یادداشت اور قانونی آگاہی پمفلٹ پیش کیا۔

اس موقع پر رَوِیندرا نائک نے بتایا کہ ستمبر 2012 میں قانون میں کی گئی ترمیم میں بھی واضح طور پر کہا گیا ہے کہ مخصوص دستاویزات کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات ہائی کورٹ نے بھی اپنے فیصلے میں ایسی دستاویزات کو لازمی قرار دینے کو غلط ٹھہرایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی وزارتِ قبائلی امور نے بھی اپنے حکم نامے میں ہدایت دی ہے کہ دستاویزات نہ ہونے کی بنیاد پر درخواستوں کو مسترد کرنا مناسب نہیں، البتہ تین نسلوں سے آباد علاقے کو انسانی سکونت والا علاقہ ثابت کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ غلط جانچ پڑتال کی وجہ سے ریاست میں 88.90 فیصد اور ضلع میں 83.50 فیصد درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں۔

پروگرام میں ضلع کوآرڈینیٹر پانڈورنگ نائیک نے استقبالیہ پیش کیا۔ دیوراج گونڈا نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کئی کارکن اور تنظیمی نمائندے بھی موجود رہے۔

132 گرام پنچایتوں میں آگاہی پروگرام :
فورم کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ جنگل باسیوں کو ان کے قانونی حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے ضلع کی 132 گرام پنچایتوں کی سطح پر خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

تین لاکھ آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے :

روایتی جنگل باسیوں کو یہ سمجھانے کے لیے کہ مخصوص دستاویزات کا مطالبہ قانونی طور پر غلط ہے، فورم کی جانب سے تین لاکھ پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے۔ ان میں ’’سگوولی‘‘ یعنی آبائی سکونت کے ثبوت سے متعلق نو ضروری دستاویزات کی فہرست بھی شامل ہوگی۔

رپورٹ کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *


Next Post

بھٹکل–سِرسی اسسٹنٹ کمشنر کاویہ رانی کا تبادلہ: ہنہ سور ڈویژن میں نئی تعیناتی

بھٹکل–سِرسی اسسٹنٹ کمشنر کاویہ رانی کا تبادلہ: ہنہ سور ڈویژن میں نئی تعیناتی بھٹکل سب ڈویژنل آفیسر کے دفتر کی انچارج اور سِرسی کی اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر خدمات انجام دینے والی کے۔ کاویہ رانی کو حکومت نے نئے تقرری احکامات جاری کرتے ہوئے میسور کے ہنہ سور سب […]

You May Like