
کراولی نیوز بیرو 18 نومبر 2025 بروز منگل
بھٹکل کے شمس پی یو کالج میں 20 نومبر کو تحقیق پر مبنی سائنس میلہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 46 منتخب ٹیمیں اپنے تحقیقی نتائج پیش کریں گی۔ اس سلسلے میں شمس کالج کے پرنسپل لیاقت علی نے بتایا کہ یہ سائنس میلہ صرف سائنسی ماڈلز کی نمائش کے لیے نہیں بلکہ طلبہ میں تحقیقی ذہنیت پیدا کرنے اور سماج کو درپیش مسائل کے حل تلاش کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کو صرف نصابی کتابوں اور کلاس روم تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ طلبہ کو تحقیق کے میدان میں عملی تجربہ فراہم کرنا ضروری ہے۔
شمس پی یو کالج کے ایڈمنسٹریٹر پرنسپل محمد رضا نے بتایا کہ یہ سائنس میلہ رائچور کی اے جے اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ بھٹکل تعلقہ کے مختلف اسکولوں اور کالجوں سے مجموعی طور پر 155 ٹیموں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے 46 ٹیموں کو منتخب کرکے انہیں دو سے تین ماہ تک تحقیقی کام کرنے کی تربیت دی گئی۔ اب طلبہ اپنی تحقیقی رپورٹس اور ان کے نتائج 20 نومبر کو پیش کریں گے، جو عام سائنس نمائشوں سے بالکل مختلف ہوں گے۔
سائنس میلے کی افتتاحی تقریب صبح 9:30 بجے منعقد ہوگی، جس میں انجمن تعلیمی اداروں کے نائب صدر ڈاکٹر محمد زبیر کولّا مہمانِ خصوصی اور نیو انگلش پی یو کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ویرندر شانبھاگ مہمانِ اعزازی ہوں گے۔ میلے کے لیے وقت کی تقسیم بھی مخصوص رکھی گئی ہے: تعلیمی اداروں اور طلبہ کے لیے صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک، خواتین کے لیے دوپہر 2 بجے سے 3:30 بجے تک اور مردوں کے لیے شام 3:30 بجے سے 5 بجے تک۔
اس تحقیق پر مبنی نمائش میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو ’سائنٹسٹ ایوارڈ‘، ’بڈنگ سائنٹسٹ‘ اور ’ایمرجنگ سائنٹسٹ‘ جیسے اعزازات سے نوازا جائے گا۔ آخر میں منتظمین نے بھٹکل کے تمام تعلیمی اداروں، والدین اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ میلے میں شرکت کر کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کی تحقیقی کوششوں کو کامیاب بنائیں۔

