
مہاشیوراتری کے پس منظر میں مرڈیشور تک 16ویں سالانہ پدیاترا
تقریباً 10 ہزار عقیدت مندوں کی شرکت کی امید
بھٹکل:
مہاشیوراتری کے مقدس موقع پر کرناٹک کے مشہور شیوشیتر مرڈیشور مندر تک 16ویں سالانہ پدیاترا کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ یہ پدیاترا اتوار، 15 فروری کو علی الصبح صبح 4 بجے شہر کے چولیشور مندر سے روانہ ہوگی۔ اس بات کی اطلاع رنجن انڈین ایجنسی کی مالکن شیوانی شانتارام نے دی ہے ۔
شہر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیوانی شانتارام نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں سے مہاشیوراتری کے دن مذہبی اور روحانی جذبے کے تحت اس پدیاترا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ابتدا میں یہ یاترا چند عقیدت مندوں تک محدود تھی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ اس میں شریک ہونے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب ہر سال ہزاروں عقیدت مند اس میں شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال بھی بیندور ، شیرور، ہونناور اور دیگر اطرافی علاقوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے، اور اندازہ ہے کہ تقریباً 10 ہزار سے زائد افراد اس پدیاترا میں شرکت کریں گے۔
پدیاترا کے دوران تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس محکمہ، صحت عامہ کا شعبہ اور مختلف سماجی و مذہبی تنظیمیں مکمل تعاون فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ کریاشیل دوستوں کے گروپ کی جانب سے راستے میں لیموں شربت (لیمبو پانی ) تقسیم کیا جائے گا۔
عقیدت مندوں کے لیے پھل، پینے کا پانی اور دیگر ضروری سہولیات کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مرڈیشور پہنچنے پر بھگوان شیو کے درشن کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ مندر انتظامیہ کی طرف سے ناشتہ بھی تقسیم کیا جائے گا۔
خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے واپسی کے سفر کے لیے بسوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ خواتین سے گزارش کی گئی ہے کہ بس سفر کے لیے اپنا آدھار کارڈ ساتھ لائیں۔
شیوانی شانتارام نے یہ بھی بتایا کہ ضلع کے انچارج وزیر کی جانب سے بھی اس پدیاترا کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر شانتارام بھٹکل، کمار نائک، کرن چنداورکر سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھے-
رپورٹ : کراولی نیوز نیٹ ورک بھٹکل

